بھٹکل تنظیم کے ذمہ داران کی وزیر اعلیٰ اور دیگر کابینی وزراء سے ملاقات ، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی روکنے کے لیے اقدامات پر دیا زور

بھٹکل22؍فروری2024(فکروخبرنیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے وفد نے ودھان سودھا میں وزیر اعلیٰ ، وزیرداخلہ اور دیگر کابینی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے بھٹکل کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔

ذمہ داران نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ سابقہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ وضع کردہ قوانین میں 2B ریزرویشن ، تبدیلیٔ مذہب پر پابندی ، حجاب اور دیگر قوانین کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں واپس لینے پر زور دیا۔

وزیر داخلہ کو میمورنڈم پیش کرتےہوئے تنظیم وفد نے مطالبہ کیا کہ پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر ضلع اترکنڑا میں فرقہ وارانہ فساد برپاکرنے اور امان وامان کی صورتحال کو بگاڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔ متعلقہ افسران سے شکایت کرنے کے باوجود ان پر روک لگانے کے لیے سنجیدہ کوششیں نہیں ہورہی ہیں۔ میمورنڈم میں جالی پٹن پنچایت حدود اور ہبیلے گرام پنچایت حدود میں پیش آئے واقعہ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں پر زور دیا گیا۔

میمورنڈم میں وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا گیا ہے وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور جو بھی افراد فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی میں ملوث نظر آرہے ہیں ان کے خلاف کڑی کارروائی کریں تا کہ ہمارے علاقے میں امن و امان برقرار رہے اور کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہونے پائے۔

وفد میں تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری ، نائب صدر عتیق الرحمن منیری، محی الدین رکن الدین، اقبال سُہیل، اشفاق کے ایم، ایڈوکیٹ عمران لنکا، مُبین دامودی، مصدق ائیکری، فیضان برماور، اور اشرف شاہ بندری وغیرہ موجود تھے۔

Share this post

Loading...