بھٹکل : 15 اگست 2020 ( فکرو خبر نیوز) شہر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب تعلقہ گراؤنڈ (وائی ایم ایس اے) میں منعقد کی گئی جہاں پر مختلف میدانوں میں اپنی خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ آج اس مرکزی تقریب کے دوران تنظیم کے ذمہ داران نے تنظیم کو نظر انداز کرنے اور کورونا وائرس کے چلتے تنظیم کی دن رات کی عظیم خدمات کو سراہنا نہ کرنے اور ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے آخر میں مدعو کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایوارڈ لینے سے انکار کردیا۔
دراصل کورونا وائرس کے چلتے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ حکومتی افسران سے کندھے سے کندھا ملاکر بلکہ اس سے آگے بڑھتے ہوئے جو کچھ انہوں نے خدمات انجام دی ہیں اس کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ کورنٹائن کی سہولیات سے لے کر بلاتفریق مذہب و ملت ان کے لئے تینوں اوقات میں کھانے کا انتظام وغیرہ تنظیم کی یہ خدمات کا ہر ایک نے اعتراف بھی کیا ہے لیکن ان سب کے باوجود یوم آزادی کی تقریب کے دوران تنظیم کی خدمات سے منھ موڑلینا یا انہیں نظر انداز کیا جانا کسی بھی طرح درست نہیں۔ تنظیم کے ذمہ داران نے اس موقع پر صاف الفاظ میں واضح کیا کہ ان کی یہ خدمات کسی ایوارڈ کے حصول کے لئے نہیں بلکہ انسانیت کے لئے تھی اور انہیں کسی کی شاباشی کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کی خدمات کا اعتراف نہ کئے جانے پر بھی اس سے سبھی واقف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سے لے کر وزیر اعلیٰ بھی ان کی خدمات سے واقف ہیں۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے بھی افسوس کا اظہار کیا ۔ سوشیل میڈیا پر بھی افسران کے اس رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کو نظر انداز کئے جانے پر عوام اپنی آراء کا اظہار کررہے ہیں اور تنظیم کے ذمہ داران کو مشورہ دے رہے ہیں کہ قوم و ملت کے لیے اپنی خدمات اسی طرح جاری رکھیں۔
Share this post
