بھٹکل 13؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) موسمی بیماری بخار ، نزلہ اور زکام وغیرہ کے علاج کے لیے مجلس اصلاح وتنظیم کی جانب سے ایک عارضی کلنک کا آغاز کیا جارہا ہے ، اسی طرح موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے تنظیم نے اپنے ملکیت والی عمارتوں کا دو مہینے کا کرایہ ترک کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج شام دفتر تنظیم میں منعقدہ پریس ریلیز میں تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ لاک ڈاؤن سے معاشی حالات نہایت خراب چل رہے ہیں۔ خصوصاً رمضان المبارک میں جہاں سال بھر کے اخراجات نکالے جاتے ہیں اس مہینے میں کاروبار بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ حکومت کی جانب سے نافذ لاک ڈاؤن اور موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے تنظیم نے 10 جون 2021 کی منعقدہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ تنظیم کی زیر ملکیت دکانوں کا مئی اور جون کا کرایہ چھوڑ دیا جائے ۔ انہوں نے عوام سے بھی گذارش کی ہے کہ ان دو مہینوں کے کرایہ ترک کریں اور آئندہ کے حالات کو دیکھتے ہوئے جن کا کرایہ زیادہ ہے اس میں تخفیف کی جائے۔
کلنک کے سلسلہ میں تنظیم کے جنرل سکریٹری نے بتایا کہ یہ کلنک لائف کیئر اسپتال کے سامنے موجود سینٹر میں رہے گی جہاں مفت علاج کیا جائے گا۔ کلنک کا وقت صبح گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک اور شام پانچ بجے سے شام سات بجے تک رہے گا۔
Share this post
