بھٹکل16؍دسمبر2020(فکروخبرنیوز) گذشتہ کئی سالوں سے اقلیتی طبقہ کے لئے بجٹ میں لگاتار ہورہی کمی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے آج ڈپٹی کمشنر کے حوالے سے وزیر اعلیٰ ایڈی یوروپا کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کمی کیے گئے بجٹ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج دوپہر مجلس اصلاح وتنظیم کے ایک وفد نےاسسٹنٹ کمشنر دفتر پہنچ کر یادداشت پیش کی ۔
اس موقع پر جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا ہے کہ موجودہ ایڈی یوروپا کی سرکارمیں اقلیتی طبقہ کے بجٹ میں کمی کردی گئی ہے۔ کمارا سوامی کی قیادت والی سرکاری میں پہلے 11897 کروڑ روپئے بجٹ مختص تھے جس کے بعد ایڈی یوروپا سرکار نے اس بجٹ کو کم کرتے ہوئے 1571 روپئے مختص کیے۔ اس کے بعد مزید کمی کرتے ہوئے 1177 کروڑ مختص کیے گئے اور اب خسارے کی وجہ سے یہ بجٹ 1005 کروڑ روپئے کیا گیا ۔ اس کے علاوہ حکومت نے بہت سی اسکیمیں منسوخ کردی ہیں اور یا پھر ان اسکیموں کے لیے مختص رقم میں کمی کردی گئی ہے۔
اسی طرح بیرون میں تعلیم حاصل کرنے والوں کے لیے ملنے والی رعایتیں بھی ختم کردی گئیں۔ جنرل سکریٹری نے بتایا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن یعنی ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلباء کے لیے سالانہ ملنے والی تین لاکھ کی رقم بھی کم کردی گئی ہے۔ انہو ں نے اس یادداشت کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ ان اسکیموں کو بھی بحال کردیا جائے اور کمی کیے گئے فنڈ میں بھی اضافہ کیا جائے ۔
Share this post
