بھٹکل 09؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) عید الأضحیٰ کی مناسبت سے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے پریس کانفرنس کے ذریعہ قربانی کے ایام میں پوری طرح امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دیا ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے کہا کہ ہم سے کوئی ایسا کوئی کام سرزد نہ ہو جس سے دوسروں کو شہر کے امن وامان میں خلل ڈالنے کا موقع مل جائے۔ جمعہ کے روز خطباء نے قربانی کے تعلق سے جو پیغام دیا ہے اس کو سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اور ریاستی حکومت کے قوانین پاس و لحاظ رکھتے ہوئے قربانی کا عمل انتہائی سادگی سے انجام دیں اور کسی بھی طرح کا شور شرابا نہ ہونے پائے۔ انہوں نے قربانی کی فوٹو اور ویڈیو گرافی سے گریر کرنے کی بھی بات کہی۔ اس دوران ہم سے غیر شرعی اور غیر اخلاقی کوئی بات سرزد نہ ہوں۔ انہوں نے تنظیم کی جانب سے تمام مسلمانوں کی خدمت میں عید الأضحیٰ کی مبارکباد بھی پیش کی۔
بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر جناب عزیز الرحمن رکن الدین نے خصوصاً نوجوانوں سے گذارش کی کہ وہ اپنے محلہ کو چھوڑ کر دوسرے محلوں میں قربانی کے لیے ہرگز نہ جائیں ، کسی طرح بھی حالات پیش آنے پر تنظیم کی جانب سے بنائی گئی امن کمیٹی سے رابطہ کریں ، اسی طرح چمڑوں اور ہڈیوں کے سلسلہ میں بھی جو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں ان سے رجوع ہوں۔
Share this post
