بھٹکل 25؍ جولائی 2018(فکروخبر نیوز) اقلیتوں کے لیے حکومتِ کرناٹک کی طرف سے جاری اسکیموں سے آگاہی کے لیے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل میں ایک اہم نشست آج صبح ساڑھے دس بجے تنظیم ہال میں منعقد کی گئی جس میں بھٹکل، مرڈیشور اور منکی سمیت ولکی ، اپنی ،ہیرانگڈی اور گیرسپا وغیرہ کے جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس خصوصی اہم نشست میں بھٹکل ، ہوناور تعلقہ کے مائناریٹی آفیسر جناب شمس الدین صاحب نے اقلیتی طبقہ کے لیے جاری اسکیموں کے تعلق سے موٹی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمۂ اقلیتی فلاح وبہود اقلیتی طبقہ کے لیے تقریباً اٹھائیس اسکیموں جاری کیے ہوئے ہیں جن میں اکثر تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے والوں کے لیے کچھ ایسی اسکیمیں ہیں جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے طلبا ء اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرسکتے ہیں۔ خصوصاً آئی اے ایس اور کے اے ایس کے خواہشمند طلباء اس کی تیاری کے لیے حکومت کی کی جاری خصوصی اسکیموں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اسی ذیل میں انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے اور رفیق فکروخبر جناب صدیق سعدا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسی اسکیم کے تحت فائدہ اٹھاتے ہوئے یوپی ایس سی امتحانات کی تیاری کے لیے جاری اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی قلت کی وجہ سے وہ تمام تر معلومات حاضرین کے سامنے نہیں رکھ سکتے لیکن اس کے تعلق سے آپ کو جب بھی کوئی معلومات حاصل کرنی ہوتو فوری طور پر تعلقوں میں موجود مائناریٹی دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ رفیق فکروخبر جناب صدیق سعدا نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی اور کہا کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک امتحان دینا پڑتا ہے جس کا سینٹر ابھی کچھ سالوں قبل بھٹکل میں موجود تھا لیکن افسوس ہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم نے پہل نہیں کی اور یہ سینٹر ہمارے ضلع سے ہٹایا گیا ، جس کا نقصان یہ ہورہا ہے کہ اس انٹرینٹس امتحان کے لیے طلباء بلگام کا سفر کرنا پڑرہا ہے۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ حکومتیں اقلیتوں کے لیے بہت سے منصوبے جاری کرتی ہیں لیکن ان کے متعلق معلومات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا یہاں کے عوام تعلیم یافتہ ہیں اور حکومتی منصوبہ سے انہیں فائدہ اٹھاکر دوسروں کے مثال بننا ہے۔تحصیلدار وی این بھاٹکر نے اقلیتی طبقہ کے لیے مختص اسکیمیں دوسروں تک پہنچانے کے لیے یہاں کے نوجوان اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح جناب عنایت اللہ صاحب نائب صدر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے کہا کہ اس پروگرا م حصہ شریک ہونے والے احباب دوسروں تک بھی اس معلومات کو پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام تک یہ پیغام پہنچیں۔ ملحوظ رہے کہ اس پروگرام کا آغاز حافظ سلیمان خورشے کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ جس کے بعد خصوصی مہمانوں کی خدمت میں استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ان کی گلپوشی کی گئی ۔
Share this post
