بھٹکل 21/ مارچ 2020(فکروخبر نیوز) وبائی مرض کروناوائرس کے پیشِ نظر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ذمہ داران کی قاضی صاحبان اور دونوں جماعت کے ذمہ داران کے ساتھ مشترکہ میٹنگ میں کئی ایک اہم فیصلہ کیے گئے اور اس پر سختی سے عمل کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔ قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل انہی ذمہ داران اور محکمہئ پولیس کی ایک مشترکہ نشست منعقد کی گئی جس میں کئی باتوں پر عمل کرنا طئے گیا تھا۔ اب تنظیم کے دفتر میں یہ میٹنگ منعقد کی گئی اور کئی ایک اہم فیصلہ لیے گئے، مولانا نے اس مشاورتی نشست میں لیے گئے فیصلوں پر سختی سے عمل کرنے کی گذارش کی ہے اور اس موقع پر اللہ سے اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے اور دعاؤں اور درود شریف کی کثرت کی بھی درخواست کی ہے۔
مولانا موصوف کے بعد میٹنگ میں لیے گئے اہم فیصلوں پر تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے روشنی ڈالی اور عوام سے گذارش کی سختی سے عمل کیا جائے۔ اس میں سب سے بڑا فیصلہ مسجدوں میں نماز باجماعت کے اوقات کو لے کر تھاجس میں بتایا گیا ہے کہ اذان کے دس منٹ بعد نماز باجماعت ادا کی جائے اورنماز کی ادائیگی کے پانچ منٹ بعد مسجد بند کی جائے۔ اس موقع پر قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
ذیل میں فیصلہ کے نکات دئیے جارہے ہیں اور عوام الناس سے گذارش کی جارہی ہے کہ کچھ روز کے لیے اس پر سختی سے عمل کریں۔
نالغ بچوں کو مسجد بھیجنے سے احتراز کریں۔
عمر رسیدہ افراد اپنے گھروں میں ہی نماز کی ادائیگی کا اہتمام کریں۔
ایک محلہ کے افراد دوسرے محلہ کی مسجد میں نماز کے لیے جانے سے گریز کریں۔
مسجد سے دور رہنے والے افراد اپنے گھروں ہی میں نماز ادا کریں۔
حتی الامکان مساجد میں بھیڑ جمع کرنے سے اجتناب کریں۔
گھروں ہی سے با وضو ہوکر مسجد جائیں۔
مغرب کے علاوہ دیگر فرض نمازوں کے لیے دس منٹ کا وقفہ رکھیں۔
کتابی تعلیم اور فجر کے بعد درسِ قرآن کے سلسلہ کو موقوف رکھیں۔
فرض نماز کے پانچ منٹ بعد مسجد بند کی جائے۔
اسپورٹس سینٹروں سے منسلک افرادمحلہ میں ایک جگہ نوجوانوں کو جمع ہونے سے سختی کے ساتھ روکیں۔
بیرونِ ملک سے آنے والے افراد چودہ دنوں تک گھروں ہی میں رہیں اور مسجدوں اور باہر جانے سے اجتناب کریں، نماز بھی گھروں پر ہی ادا کریں۔
Share this post
