بھٹکل 29؍ مئی 2021(فکروخبرنیوز) مجلس اصلاح وتنظیم کے ذمہ داران نے کوویڈ پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں اس کے لیے تنظیم کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے کنوینر جناب عمران لنکا اور نائب کنوینر جناب صادق مٹا ہیں۔ جو کمیٹی تنظیم کے صدر وجنرل سکریٹری کی قیادت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ تنظیم جو خدمات دے رہی ہے اس کے بارے میں معلومات دینا بسا اوقات مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ اس لیے عوام کو ذمہ داران پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے کہا جو تنظیم کی جانب سے قائم کردہ کوویڈ کیر سنٹر کے بارے میں اخباری نمائندوں کو معلومات فراہم کررہے تھے۔ انہوں نے حالات کو سامنے رکھ کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کے لوگ اپنا کام کررہے ہیں اور تنظیم پورے مسائل کو سامنے رکھ کر آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمیں صحت کو سامنے رکھ کر کام کرنا ہے۔ لاک ڈاؤن آج ہے کل ختم ہوجائے گا لیکن ہمارے لیے صحت بہت اہم ہے اور ہم جو کام کررہے ہیں وہ اگلے حالات کو سامنے رکھ کر کررہے ہیں اورماہرین تیسری لہر کے خدشہ کا اظہار کرچکے ہیں۔ اس لیے تنظیم کی جانب سے لائف کیر اسپتال کے اوپری حصہ میں کوویڈ سنٹرشروع کیا گیا ہے جہاں نجی اسپتالوں کے مقابلہ میں کفایتی چارجس پر لوگوں کا پورا علاج کیا جائے جس کے لیے ہمارے پاس تجربہ کار ڈاکٹروں اور دیگر عملہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کا قیام گویا یہ سمجھ لیجئے کہ اسپتال کا ہی ایک حصہ ہے جو صرف کوویڈ کے لیے خاص رہے گا۔
اس سلسلہ میں انہوں نے مزید بتایا کہ آئی این ایف اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل تنظیم کا پورا پورا تعاون کررہی ہے۔ تنظیم کے نائب صدر جناب عتیق الرحمن منیری، خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب مزمل قاضیا اورآئی این ایف کے نائب صدر جناب ارشد محتشم کے ساتھ ساتھ دیگر ذمہ داران بھی اپنا تعاون پیش کررہے ہیں جنہوں نے اس کوویڈ کیر سنٹر کے قیام کے لیے بڑی کوششیں کیں۔ اسی طرح اس عمارت کے مالک جناب صدیقہ انصار صاحب نے اپنے نئے فلیٹ اس کام کیلیے حوالے کیے ہیں جس پر تنظیم ان کا خصوصی شکریہ ادا کرہی ہے۔ ڈاکٹر حنیف شباب نے مزید کہا کہ ویمن سنٹر میں کوویڈ سینٹر کھولنے کا پروگرام تھا اور اس کے لیے تیاریاں بھی ہورہی تھیں لیکن بعض مجبوریوں کی وجہ سے وہاں پر قائم نہیں کیا جاسکتا۔ تنظیم محترمہ خدیجہ صاحبہ (مالکہ ویمن سینٹر) کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے اپنی عمارت اس سے قبل بھی ہمیں دی تھی اور اب بھی انہوں نے مہیا کی تھی۔ انہوں نے بیماری بڑھنے سے قبل ہی عوام کو علاج ومعالجہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
Share this post
