چوری کی مختلف واردات: کئی قیمتی اشیاء لوٹ کر لے گئے
اڈپی 08؍مارچ 2017(فکروخبرنیوز) شہر میں پیش آئی چوری کی مختلف وارداتوں میں چاندی کے زیورات سمیت دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیے جانے کی خبر آج صبح منظر عام پر آئی ہیں۔فکروخبر کے مطابق دیپک جویلرس نامی دکان سے ڈھائی کلو سونے کے زیورات جس کی قیمت دیڑھ لاکھ بتائی جارہی ہے اور گنڈی بیل میں واقع الٹرا ٹیک سیمنٹ کی دکان سے بیس ہزار روپئے لوٹ لیے گئے ۔ بتایا جارہا ہے کہ آج صبح الٹرا ٹیک سیمنٹ کی دکان کا شٹر تھوڑا سے کھلا تھا۔ لٹیروں نے نقدی کے علاوہ میز پر رکھا لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء کو ہاتھ ہی نہیں لگایا ہے۔ قریب میں واقع ایک دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کے فوٹیج سے پتہ چل رہا ہے کہ ایک سامان لے جانے والی گاڑی مذکورہ دکان کے سامنے آکر رک گئی اور دو افراد گاڑی کے پاس کھڑے ہوگئے ۔ پولیس افسران میں ڈی وائی ایس پی کمار سوامی اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جائے واردات کا معائنہ کرنے کے بعد لٹیروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پانچ افراد نے مل کر کیا ایک شخص کا بھیانک قتل
بنگلور 08؍ مارچ 2017(فکروخبرنیوز) پانچ افراد کی جانب سے ایک شخص کو تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کیے جانے کی واردات بساویشورا نگر میں پیش آئی ہے۔ فکروخبر کے مطابق سنیل مقیم کملا نگر پر چار سے پانچ افراد نے اس وقت حملہ کردیا جب وہ اپنے موٹر سائیکل پر جارہا تھا۔ حملہ میں سنیل سخت زخمی ہوگیا جس کے بعد اس نے اپنی آخری سانس لی۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ حملہ کرنے کے بعد مذکورہ شخص نے چندرپا روڈ پر واقع ایک گھر میں پناہ لی لیکن حملہ آوروں نے اسے گھرسے باہر نکال کر قتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول پر بساویشورا نگر پولیس تھانہ میں کئی معاملات درج ہیں۔ قتل کی واردات منظر عام پر آتے ہی علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے سیکوریٹی بڑھا دی۔ ڈی سی بی انوچھیٹ کے مطابق سنیل پر اس سے قبل دو مرتبہ جان لیوا حملہ کیا جاچکا ہے جبکہ اسے جیل سے رہا ہوئے صرف دس ہی دن گذرے ہیں۔
کپڑے کی دکان میں آگ لگنے سے پندرہ لاکھ روپئے مالیت کے کپڑے جل کر خاکستر
منگلور 08؍ مارچ 2017(فکروخبرنیوز) کپڑے کی دکان میں لگی آگ سے دکان میں موجود سامان جل کر خاکستر ہونے کی واردات کل رات تھوکوٹو میں پیش آئی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دکان کے اوپری منز ل کے قریب سے ہائی ٹینشن تار میں شاٹ سرکیوٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی ہے۔ فائر بریگیڈ عملہ پہنچنے تک دکان پوری کی آگ کی زد میں آچکی تھی لیکن آگ دیگر دکانوں کو اپنے زد میں لینے سے قبل ہی اس پر قابو پالیا گیا۔ فکروخبر کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے بدرالدین نامی شخص کی دکان بومبئی کوٹن بازار میں کل رات اچانک آگ لگ گئی جس سے قریب میں واقع دکان مالکان اور وہاں سے گذرنے والے سکتہ میں آگئے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے موجود عوام نے کوشش کی لیکن آگ کے تیزی کے ساتھ پھیلاؤ کی وجہ سے ناکام رہے ۔ بالآخر فائر بریگیڈ عملہ آگ پر قابو پانے میں کامیاب رہا۔ بتایا جارہا ہے کہ حادثہ کی وجہ سے تقریباً پندرہ لاکھ روپئے کا نقصان ہواہے ۔الال پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔
Share this post
