بھٹکل 18 دسمبر 2023( فکرو خبر نیوز) بھٹکل کے انجمن گراؤنڈ میں دو روز سے جاری تبلیغی اجتماع حاجی فاروق صاحب کی رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ اجتماع کے آخری بیان میں انہوں نے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے اپنے زندگی کو درست کرنے اور اللہ کے احکامات کو پورا کرنے پر ابھارا۔ انہوں نے صحابہ کی قربانیوں کو بیان کرکے حاضرین کو بھی قربانیوں پر ابھارا اور مرتے دم تک اللہ کے پیغام کو امت کے ہر فرد تک پہنچانے کی ذمہ داری ادا کرنے پر زور دیا۔
حاجی صاحب نے دنیا کے مختلف ممالک میں جاری دینی فضاؤں اور کوششوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کی قربانیوں کا نتیجہ تھا کہ دنیا کے کونے کونے میں اسلام پہنچا اور اس کے لیے انہوں نے صرف صدائیں نہیں لگائیں بلکہ خود کو اس کے لیے وقف کردیا، اور دنیا میں جہاں جہاں پہنچ سکتے تھے وہاں پہنچ گیے اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ان کی قبریں دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہیں۔ آج بھی صحابہ جیسا جذبہ پیدا کرنے اور دعوتپ الی اللہ کے صداؤں کو بلند کرنے اور اس کے لیے اپنے وقت کو فارغ کرنے کی ضرورت ہے ۔
آخری بیان میں مجمع کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہوگیا۔ جگہ کم پڑنے کی وجہ سے پنڈال سے باہر بھی لوگوں کو بیٹھنے کا انتظام کیا گیا لیکن کچھ ہی دیر میں وہ جگہ بھی کم پڑگئی۔ اس کے بعد جہاں جہاں جگہ ملی وہاں لوگ بیٹھ گیے۔
اجتماع کے تمام تر انتظامات بہترین تھے۔ کھانے کے دو زون ، حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کے لیے بھی انتظامات تھے، پارکنگ کے لیے بھی جو جگہ مختص کی گئی تھی وہ بھی کم پڑ گئی، بالآخر پری یونیورسٹی اور ڈگری کالج کے احاطہ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا۔
اجتماع گاہ میں ہی عشاء کی نماز ادا کی گئی اور اس کے بعد لوگ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔
Share this post
