بھٹکل28؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز) سوپر اسٹار اسوسی ایشن بھٹکل کی جانب سےکل رات بعد نمازعشاء بندرروڈ فورتھ کراس پر اصلاحِ معاشرہ اور تعلیمی ایوارڈ کے عنوان سے ایک اجلاس عام منعقد کیا گیا جس میں بطورِ مہمانِ خصوصی مولانا سید اظہر مدنی اور دیگر مقامی علماء نے شرکت کرتے ہوئے معاشرہ میں اصلاح کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے خود سے اس کام کے آغاز کا کرنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے معاشرہ میں پھیلی برائیوں کے ازالہ کی طرف سے بھی حاضرین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے خود کو اس سے دور رہنے اور دوسروں کو دور رکھنے کی کوششیں کرنے پر زوردیا۔
مہمانِ خصوصی مولانا سید اظہر مدنی نے زبان اور اس کے نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے ذریعہ وجود میں آنے والی برائیوں کا ذکر کرتے ہوئے ان سے دور رہنے کی نصیحت کی ، مولانا نے حدیث کے حوالہ سے بتایا کہ جب اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عقبہ بن عامر کو کی گئی نصیحت میں زبان کو قابو میں رکھنے کی بات بھی نصیحت میں شامل تھی اور حقیقت یہی ہے کہ زبان سے ادا ہونے والے جملے انسان کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
مولانا رمضان کے بابرکت مہینے میں قرآن پا ک کی تلاوت کرنے اورزبان کواللہ کے ذکر سے تر رکھنے کی نصیحت کی ۔ مولانا نے کہا کہ سب سے اہم عبادت اللہ کا ذکر ہے ، اس کے ذریعہ سے پیدا ہونے والے اللہ سے تعلق کے درمیان کوئی واسطہ نہیں ہوتا ہے- یہ بات بھی ہمیں معلوم ہونی چاہیے کہ اللہ کے ذکر میں جتنی طاقت ہوتی ہے وہ کسی چیز کے اندر نہیں ہوتی ہے۔ ذکر کے بغیر نماز جیسی اہم عبادت کھوکھلی ہوجاتی ہے۔
مولانا نے دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسمارٹ بننے کے چکر میں شریعت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جو غیروں کے پیچھے جارہی ہیں وہ بڑی ڈگریاں حاصل کر رہے ہیں ، ماں باپ نے ان کی فکر نہیں کی اور انہیں آزاد چھوڑدیا۔ اگر ان کی فکریں نہیں ہونگی تو اس کے ذریعہ بربادی آجائے گی۔ ہم میں اتنی بھی ہمت نہیں ہے کہ ہم اپنے بچوں سے پوچھیں کہ کہاں جارہی ہو اور ہم میں اتنی بھی ہمت نہیں ہے کہ ہم اپنی بچیوں کے موبائل فون چیک کریں۔
مولانا سے قبل قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ معاشرہ کو سدھارنے کے تعلق سے اپنے گھر سے آغاز کریں ، مولانا نے کہا کہ ہمیں اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ ہم جانیں کہ ہمارا بچہ رات میں تاخیر سے کیوں گھر لوٹ رہا ہے ۔ ، عشاء کے بعد وہ کیوں گھوم رہا ہے، ہم اس طرح فکر کریں گے تو اس کا اچھا نتیجہ آئے گا اور وہ پڑھنے میں بھی آگے بڑھے گا۔ اسی طرح بچوں کی کمائی پر بھی نظر رکھیں ، وہ زائد پیسے بھیج رہا ہے تو اس کی تحقیق کی جائے جس طرح پہلے لوگ کیا کرتے تھے۔ مولانا نے شوہر اور بیوی کے حقوق کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں بخوبی انجام دینے کی بھی نصیحت کی۔
استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ صاحب ندوی نے مولانا سید اظہر مدنی کا تعارف پیش کیا۔
اس پروگرام میں تعلیمی اور سماجی میدان میں آگے بڑھنے والوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔
جنرل سکریٹری سوپر اسٹار مولانا ابراہیم رکن الدین ندوی نے غرض وغایت بیان کی اور نظامت کے فرائض مولانا فیض اکرمی ندوی نے انجام دئیے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
Share this post
