بھٹکل 18/ جولائی 2021 (فکروخبر نیوز) کل بروز سنیچر بعد نماز عشاء ٹھیک ساڑھے نو بجے سن شائن اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام شبینہ مکتب کی عمارت کے آمنہ ہال میں عیدالاضحیٰ کے احکاات ومسائل پر ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان عالم دین مولانا شافع شابندری ندوی نے خطاب کیا۔
عزیزی عبدالقادر ابن صفوان ایم ایچ کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں دینی مسائل اور شرعی احکامات سے واقفیت تھی۔ الحمدللّٰہ سن شائن اسپورٹس سینٹر کے ممبران کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی اور دین سے محبت کا ثبوت دیا۔ عیدالاضحی کے اس موقع پر مہمان مقرر مولانا شافع شابندری ندوی نے نوجوانوں سے کھل کر عیدالاضحی اور حضرت ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کی اس قربانی کے درس کو بھی سامنے رکھا اور قربانی سے متعلق اہم مسائل و احکامات کو نوجوانوں کے سامنے کھول کھول کر پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس نشست کے آخر میں سوالات کا موقع بھی دیا گیا تھا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں نے عیدالاضحی کے متعلق کئی سوالات کیے جن کے تشفی بخش جوابات بھی مولانا نے دیے۔ اس نشست کی صدارت سن شائن اسپورٹس سینٹر کے صدر جناب ہاشم محتشم (برنی) نے کی۔ موصوف نے صدارتی خطاب میں اس پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے جو ہدایات دی گئی ہے اس پر عمل کرنا ہے اور خصوصا محلہ کے ذمہ دار نوجوانوں سے کہا آپ اپنے محلہ کے چھوٹے بچوں کی نگرانی کریں اور ملک کے امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے سادگی سے اس سنت عمل کو انجام دینے کی کوشش کریں۔ صدر جلسہ نے مولانا شافع شابندری ندوی اور جملہ حاضر ممبران سن شائن اسپورٹس سینٹر کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ مولانا شافع ندوی کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔
Share this post
