ّبھٹکل 16؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) تیز رفتار بائک کے ڈوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد دونوجوان کے زخمی ہونے کی واردات یہاں سوڑی گدے میں جمعہ کی رات پیش آئی ہے۔ بائک پر دو نوجوان سوار تھے جن میں ایک کو شدید چوٹیں پہنچی ہیں جسے سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد منگلور منتقل کیا گیا ہے۔ زخمی نوجوانو ں کی شناخت امان اللہ اور عمیر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ فکروخبر کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ دونوں شیرور سے لوٹ رہے تھے۔ ان کی بائک اہم شاہراہ سوڑی گدے کے قریب ڈوائیڈر سے ٹکراگئی جس کے بعد یہ دونوں گرگئے اور ان میں سے ایک شدید زخمی ہوگیا۔ بتایاجارہا ہے کہ اہم شاہراہ کے توسیعی کام کے دوران جگہ جگہ سڑک دائیں توکہیں بائیں موڑدی گئیں ہیں جس کی وجہ سے سواریوں کو پہنچاننا مشکل ہوجاتا ہے اور سواری ڈوائیڈر سے ٹکراجاتی ہے۔ ان کی بائک بھی کچھ اس طرح ڈوائیڈر سے ٹکراگئی۔ پولیس تھانہ میں معاملہ درج کیے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
Share this post
