بھٹکل : شاہین اسپورٹس سینٹر کی جانب سے منعقد کیا گیا جلسہ استقبالِ رمضان ومظاہرہ قرأت

Bhatkal, shaheen sports centre, moulana namatullah nadwi

بھٹکل 19؍ مارچ 2023(فکروخبرنیوز) شاہین اسپورٹس سینٹر بھٹکل کی جانب سے کل بروز سنیچر بعد نمازِ عشاء جماعت المسلمین گراؤنڈ ، مخدوم کالونی میں جلسہ استقبالِ رمضان ومظاہرہ قرأت کا انعقاد کیا گیا۔

جلسہ میں رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے علماء نے خطابات کیے اور قراء نے قرأت اور نعتوں کے ذریعہ سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ پرگرام میں صدرِ جلسہ وامام وخطیب مخدومیہ جمعہ مسجد واستاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی کی تہنیت کی گئی اور ان کی خدمت میں سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا۔

 استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا اقبال نائطے ندوی نے کہا کہ اسلام میں روزہ کے علاوہ کوئی ایسی عبادت نہیں جو روزہ کی طرح ہو۔ ہر عبادت کے لیے مختصر وقت رہتا ہے لیکن روزہ مسلسل بارہ ، تیرہ ، چودہ گھنٹے کا ہوتا ہے اور صبح سے لے کر شام تک یہ عبادت ہی عبادت ہے۔ روزہ کا مقصود انسان کے اندر تقویٰ پیدا کرنا ہے جو ہر عبادت کی بنیاد ہے۔ لہذا نیک اعمال بھی تقویٰ ہی کی بنیاد پر قبول کیے جاتے ہیں۔ روزہ صرف کھانے پینے اور نفسانی خواہشات سے رکنے کا نام نہیں ہے بلکہ ہر برائی اور معصیت سے بچائے رکھنے کا نام ہے۔ مولانا نے روزہ کی حالت میں اپنے کانوں ، زبانوں ، ہاتھوں کو گناہوں سے رکنے کی نصیحت کی ۔

صدرِ جلسہ وامام وخطیب مخدومیہ جمعہ مسجد واستاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی نے کہا کہ ہمیں اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ یہ رمضان نماز، تلاوت، ذکر اور اللہ کو راضی کرنے کے اعتبار سے سب سے اچھا بن جائے۔ مولانا نے شاہین اسپورٹس کے جملہ نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔

جنرل سکریٹری شاہین اسپورٹس سینٹر جناب مبشرہلارے نے مہمانوں کی خدمت میں استقبالیہ کلمات پیش کیے اور صدر شاہین امارات جناب عبدالقادر جیلانی محتشم نے شاہین کا تعارف پیش کیا۔

جناب عتیق الرحمن منیری اور دیگر نے اپنے اپنے تأثرات پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جن قراء نے اپنے قرأت کا مظاہرہ کیا تھا انہیں مومنٹو اور خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

اسٹیج پر بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی ، صدر شاہین اسپورٹس سینٹر جناب سمیع اللہ اٹل اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...