بھٹکل سیلاب سے متأثرہ افراد میں معاوضہ کی تقسیم کا کام جاری، اب تک قریب چار ہزار گھروں کو دیا جاچکا ہے معاوضہ : رکنِ اسمبلی سنیل نائک

bhatkal, flood, mla sunil naik

بھٹکل 09؍ اگست 2022(فکروخبرنیوز) بھٹکل اور ہوناور حلقہ کے رکنِ اسمبلی سنیل نائک نے حالیہ طوفانی بارش سے ہونے والے نقصان اور متأثرہ افراد میں تقسیم کیے گئے معاوضہ کی تفصیلات آج اخباری نمائندوں کے سامنے رکھتے ہوئے ان تمام تنظیموں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس موقع پر اپنی خدمات پیش کیں۔ 
سنیل نائک نے بتایا کہ میرے علم کے مطابق اس طرح کا نقصان بیس پچیس سالوں میں نہیں ہوا ہے۔ تین گھنٹے کی بارش سے اس طرح کے نقصان سے ہر ایک پریشان ہوگیا، جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے این ڈی آرایف کی ٹیم راحت رسانی کے لیے بروقت نہیں پہنچ سکی لیکن ہمارے نوجوانوں نے اس کام کا بیڑا اٹھایا اور خود سے تمام چیزوں کا انتظام کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے آئے۔ 
انہوں نے معاوضہ کی تقسیم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 7 اگست تک جملہ 3890 مکان مالکان کو فی کس دس ہزار روپئے کا معاوضہ ان کے اکاؤنٹ میں جمع کیا جاچکا ہے اور بقیہ مکان مالکان کو امداد پہنچانے کا کام آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری، اور وزیر شیورام ہیبار بھٹکل پہنچے اور جب سیلاب سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہی دی گئی تو دوسرے ہی دن وہ گوا کے راستے سے بھٹکل پہنچے اور مٹھلی میں ہلاک ہونے والے چار لوگوں کے خاندانوں میں معاوضہ تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے مزید بھروسہ دلایا کہ ماہی گیر کشتیوں اور دکانداروں اسی طرح کسانوں کو ہونے والے نقصان کو دیکھتے ہوئے انہیں بھی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ 

Share this post

Loading...