بھٹکل 27/ جون 2020(فکروخبر نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے دوران ایس ایس ایل سی امتحانات جاری ہیں۔ حکومت نے تمام تر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے ایک لائحہ عمل طئے کیا ہے جس کے مطابق جملہ کارروائیاں انجام دی جارہی ہیں۔ امتحان ہال میں داخلہ سے لے کر واپس نکلنے تک بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے جدو جہد جاری ہے۔ حکومت نے صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ امتحان ہال پہنچنے اور واپس گھر لوٹنے تک بھی طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مفت بس سرویس مہیا کی ہے۔ بھٹکل کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلباء کے لئے بھٹکل ہی میں مختلف امتحان کے سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ ان طلباء کے علاوہ ایک بڑی تعداد ان طلباء کی بھی ہے جو ایس ایس ایل سی کا امتحان ایکسٹرنل دیتے ہیں، ان کا سینٹر کاروار میں ہوتا ہے۔ کورونا وائرس کے پیشِ نظر حکومت نے کاروار جانے کے لئے بھی مفت بس سرویس فراہم کی ہے۔ ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرفکروخبر کو بتایا کہ باقاعدہ بی ای او دفتر سے انہیں کال موصول ہوئی اور کاروار امتحان گاہ پہنچنے کے لئے ان سے سواری کی تفصیلات مانگی گئی، دفتر سے پوچھاگیا ہے کہ کیا آپ اپنی سواری سے کاروار امتحان ہال پہنچ رہے ہیں یا پھر حکومت کی طرف سے مہیا کردہ بس سرویس کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھٹکل سے کاروار جانے کے لئے صبح سویرے پاؤنے چھ بجے بس کا انتظام کیا گیا ہے۔ طالب علم کی سہولت کے لیے انہیں بس نمبر بھی دیا گیا ہے تاکہ طلباء کو سفر سے متعلق کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا اور وہ پورے سکون کے ساتھ ایس ایس ایل سی کی امتحان دے سکیں۔
Share this post
