بھٹکل 22؍ اگست 2022(فکروخبرنیوز) 20 اگست کی رات آزاد نگر کے علاقہ سے اغوا شدہ آٹھ سالہ لڑکے کو بھٹکل پولیس نے گوا سے بازیافت کرلیا ہے۔ لڑکے کو ہوٹل میں چھوڑ کر ملزمین فرار ہوگئے ، اس کے بعد بھٹکل پولیس سمیت یہاں کے نوجوانوں نے ہوٹل پہنچ کر بچہ کو آج قریب صبح ساڑھے پانچ بجے اپنی تحویل میں لے لیا پھر ضروری کارروائی کے بعد لڑکا آج دوپہر بارہ بجے بھٹکل پہنچا۔
یہاں پہنچنے پر سیدھے اسے سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں چیک اپ کے بعد بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا کے سامنے پیش کر اسے گھروالوں کے حوالہ کیا گیا۔
اترکنڑا کی ایس پی ڈاکٹر سمنت پنیکر نے اخبار نویسیوں کو بتایا کہ اغوا کے پیچھے لین دین کا معاملہ ہے اور بھٹکل کے عوام کو کسی بھی طرح گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پولیس نے اس معاملہ میں پانچ افراد کو ملزم بنایا ہے جس میں نمبر ایک ملزم کے طورپر بچہ کی والدہ کا ماموں عنایت اللہ اسحاقی ہے جو سعودی عربیہ میں مقیم ہے۔ بقیہ چار میں سے انیس باشاہ نامی شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اور بقیہ ملزمین کو بھی جلد گرفتار کیے جانے کی امید کی جارہی ہے۔
پولیس کی جانب سے کی گئی اس کارروائی پریہاں کی عوام ان کی تعریف کررہی ہے اور انہیں مبارکباد بھی پیش کررہی ہے۔ اس پورے معاملہ میں پولیس نے پانچ ٹیمیں تشکیل دی تھیں جنہوں نے اپنی پوری محنت صرف کی اور خود سی پی ائی دیواکر کی قیادت میں پولیس بچہ کو بازیافت کرنے کے لیے گوا پہنچی ، اس کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے نوجوانوں نے بچہ کی تلاش کے لیے جاں توڑ کوششیں کیں جس کی ہرایک سراہنا کررہا ہے۔
Share this post
