بھٹکل 31/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز) زچگی کے دور وز بعد بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل پینتیس سالہ خاتون کے آج صبح اچانک انتقال کرجانے سے اسپتال کے باہر کئی افراد جمع ہونے سے حالات ہنگامہ خیز ہوگئے۔ گھر والوں نے اسپتال عملہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملہ کی اصل وجوہات کا جلدپتہ لگانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
مہلوک خاتون کی شناخت مالاتی سدھاکر آچاری کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ خاتون 29اکتوبر منگل کے روز زچگی کے لیے داخل ہوئی اور آپریشن کے ذریعہ سے ایک بچی کو جنم دیا۔ زچگی کے دو روز بعد اچانک خاتون کی موت واقع ہونے سے اہلِ خانہ پریشان ہیں جنہوں نے اسپتال کے باہر جمع کر اسپتال کے عملہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرتے ہوئے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منیپال روانہ کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معاملہ کے تعلق سے صحیح جانکاری حاصل ہوگی۔ رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھی موقع پر پہنچ کر اہلِ خانہ کو صبر کی تلقین کی ہے۔
Share this post
