بھٹکل 05؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) یہاں کے سرکاری اسپتال میں کورونا ٹیکہ لگانے کے لیے گذشتہ دو روز سے عوام بڑی تعداد میں جمع ہورہی ہے۔ آج سنیچر کے روز بھی بڑی تعداد میں عوام سرکاری اسپتال پہنچی اور کوویڈ گائیڈ لائن کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرتے رہے۔ بڑھتی بھیڑ کی وجہ سے مقامی انتظامیہ کے افسران بھی سرکاری اسپتال پہنچے اور لوگوں کو قابو میں کرنیکی کوشش کی۔
بھٹکل سرکاری اسپتال کو کوویڈ سینٹر میں تبدیل کیے جانے کی وجہ سے اس کے بالمقابل واقع ہوسٹل میں کورونا ٹیکہ کاری کا انتظام کیا گیا ہے۔ پہلی منزل پر پینتالیس سال سے زائد عمر والوں کو اور دوسری منزل پر اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کو ٹیکہ لگانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے افسران نے کچھ لوگوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا جس پر کچھ لوگوں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ دیہات سے بڑی مشکل سے وہ کرونا ٹیکہ لگائے جانے کی خبر سن کر وہ یہاں پہنچے ہیں اب ہمیں واپس کیا جارہا ہے۔ بعد میں کسی طرح ان کے نام ایک رجسٹرڈ میں درج کیے جانے کے بعد انہیں واپس بھیجا گیا۔
Share this post
