بھٹکل: یکم اکتوبر2023(فکروخبرنیوز) بھٹکل سمیت ساحلی اضلاع میں طوفانی بارش کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ کوسٹل سیکوریٹی گارڈ کی جانب سے ماہی گیروں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے سمندر میں نہ جانے کی صلاح دی ہے ، وہیں سمندر میں ماہی گیری کے لیے جانے والے جہازوں کو ساحل پر واپس لایا گیا ہے۔
بھٹکل میں آج صبح موسلادھار بارش ہوئی، بارش کو دیکھ کر ایسے محسوس ہورہا تھا کہ اب مانسون کی آمد ہورہی ہے۔ منگلورو میں ہفتہ کو وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ تاہم دیر شام تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بہت زیادہ رہی۔ بنٹوال، بیلتنگڈی، پٹور، سلیا اور دیگر مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ جنوبی کنیرا میں ہوئی بارش سے تباہی کی بھی خبریں موصول ہوئیں ہیں۔
ضلع اڈپی میں بھی شدید بارش ہوئی۔ کارکلا اور کنداپورمیں شدید بارش ہوئی۔ برہماور، ہیبری، کاپ، پڈوبیدری، بیندوراور دیگر مقامات پر دھوپ اور ابر آلود دونوں طرح کے حالات دیکھے گئے جس کے بعد بارش ہوئی۔ اُڈپی، منی پال، ملپے، پارکلا اور اس کے اطراف میں دوپہر سے شام تک وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ جمعہ کی رات دیر گئے کئی مقامات پر بارش ہوئی۔
بارش کی وجہ سے پالیمارو، نندیکورو، موڈبیدری، ہوانجے، ہوسورو اور ارورو کے علاقوں میں املاک اور مکانات کو نقصان کی اطلاع ملی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے یکم اکتوبر سے ایلو الرٹ کا اعلان کیا ہے اور خطے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
منگلورو میں ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.8 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 23.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
Share this post
