بھٹکل 10ستمبر 2021(فکرو خبر نیوز) تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آنے والے سڑک حادثات اکثر بھیانک ہوتے ہیں، کسی کی جان چلی جاتی ہے تو کوئی اپنا ہاتھ یا پیر کھو دیتا ہے۔ کبھی کم عمر بچوں کی گاڑیاں چلانے سے پیش آنے والے حادثات اسی طرح بھیانک ثابت ہوتے ہیں۔
یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ کم عمر بچوں کے گاڑیاں چلانے پر پچیس ہزار روپے جرمانہ اور تین سال جیل کی سزا ہوسکتی ہے
انہیں حالات کو سامنے رکھتے ہوئےآج بھٹکل میں مجلس اصلاح و تنظیم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ کم عمر بچوں کو کسی بھی صورت گاڑیاں نہ دیں۔
تنظیم کے جنرل سیکرٹری مولوی عبد الرقیب ایم جے ندوی نے کہا کہ اٹھارہ سال سے کم عمر کے لڑکے ٹرافک اصولوں سے ناواقف ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی رفتار تیز رکھنے سے پیش آنے والے حادثات سےخود کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور سامنے والا بھی اس سے متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کسی بھی صورت اٹھارہ سال سے کم کے بچوں کو گاڑیاں ہرگز نہ دیں۔
بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولوی عزیز الرحمن ندوی نے اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک مہم جاری کی جائے گی جس میں محلہ کے اسپورٹس سینٹر بچوں کے گاڑیاں چلانے پر نظر رکھیں گے اور ان کے والدین اور سرپرستوں سے مل کر گاڑیاں نہ دینے کی گذارش کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکل میں جگہ جگہ لگائے سی سی ٹی وی پر پولیس نگرانی رکھے ہوئے ہے اور ٹرافک اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
Share this post
