بھٹکل رکنِ اسمبلی منکال وائیدیا نے کیا سب رجسٹرار دفتر اور میٹرک گرلس ہاسٹل کادورہ

سب رجسٹرار کے دفتر میں اچانک پہنچے منکال وائیدیا سے وہاں موجود عملہ پہلے سکتے میں آگیا اور ان کے سوالات نے انہیں مزیدپریشان کردیا۔ رکنِ اسمبلی نے وہاں لوگوں کے مسائل حل نہ ہونے کی شکایتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام کی جانب سے موصولہ شکایات کی وجوہات جاننے کی کوشش کی ۔ رجسٹرار دفتر میں موجود عملہ نے رکن اسمبلی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے یہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی نہ ہونے کی شکایت کی اور کہا کہ یہاں صرف دو ہی کمپیوٹر سسٹم ہیں او رایک کئی مدت سے خراب چل رہا ہے۔ ہم نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ میں کمپیوٹر کی درستگی کے لیے رابطہ کیا لیکن ان کی طرف سے کوئی مثبت اقدام نہیں کیا گیا ہے۔اسی وجہ سے عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں ۔ مذکورہ دفتر کے عملہ نے انٹرنیٹ کنکشن کے صحیح طور پر کام نہ کرنے کی شکایت بھی کی ۔ ان تمام مسائل کو سننے کے بعد منکال وائیدیا نے انہیں فوری طور پر حل کرنے یقین دہانی کراتے ہوئے عملہ سے کہا کہ دوبارہ عوام کی شکایتیں ہمیں موصول نہیں ہونی چاہیے اور ان کے مسائل جلد سے جلد حل کیے جانے کی کوشش کی جائے۔اس کے بعد رکنِ اسمبلی میٹرک گرلس ہاسٹل پہنچے اور براہِ راست طالبات سے درپیش مسائل معلوم کیے ۔ طالبات نے رکن اسمبلی سے رات میں مختلف آوازیں آنے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے اور دیگر مسائل کا تذکرہ کیا۔انہوں نے کہا رات میں یہاں دروازہ کھٹکٹانے کی آوازیں آتی ہیں اور کئی مرتبہ کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے پائے گئے ہیں جس سے ہمیں خوف محسوس ہوتا ہے۔ رکن اسمبلی نے طالبات سے کھانے پینے اور ان کے رہن سہن کے متعلق بھی سوالات کیے اور کسی بھی طرح کی پریشانی ہونے پر اپنا موبائل نمبر دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی وقت آپ براہِ راست مجھ سے فون پر رابطہ کرکے اپنی شکایات سامنے رکھ سکتی ہیں۔ رکن اسمبلی نے ہوسٹل کے بیت الخلاء کی مرمت اور عمارت کو روغن لگانے کے علاوہ دیگر مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور آج سے رات کے اوقات میں پولیس کا پہرے کا بھی انتظام کرنے کی بات کہی۔ اس اچانک ہوئے دورے سے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران تو چونک اٹھے ہیں وہیں دیگر محکمہ کے ذمہ داران اور عملہ بھی اپنا کام صحیح ڈھنگ سے کرنے اور جلد سے جلد عوام مسائل حل کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کررہا ہے کہ کہیں رکنِ اسمبلی کا اگلادورہ ان کے دفتر کا نہ ہوجائے اور ہمیں شرمندگی اٹھانی پڑی۔ 

Share this post

Loading...