بھٹکل10؍ اکتوبر 2021(فکروخبرنیوز) آر این ایس پولیٹیکنک مرڈیشور میں زیر تعلیم مختلف ریاستوں اور کرناٹک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مسلم لڑکوں پر مشتمل ایک وفد نے کل جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا دورہ کیا جہاں جامعہ کے مختلف شعبہ جات میں جاکر ان سے متعلق معلومات حاصل کیں اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
موقع کی مناسبت کو دیکھتے ہوئے مہتمم جامعہ ، استاد حدیث مولانا خواجہ معین الدین ندوی اور مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے طلباء کو نصیحتیں کیں۔
اس موقع پر اس بات کا اظہار کیا گیا ہے کہ دین کی نسبت ہر حال میں باقی رکھیں ۔ آپ جتنی بھی ترقی کرلیں اگر دین کی نسبت نہ ہو تو اس ترقی سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوسکتا ۔ گرچہ دنیوی اعتبار سے کچھ فوائد حاصل ہوں لیکن دین کی نسبت کے بغیر آخرت میں کوئی حصہ نہیں ۔ طلباء کو ہمیشہ سے دین سے جڑے رہنے اور شریعت پر عمل کرنے کی نصیحت بھی کی گئی۔ طلباء کے سامنے جامعہ کے قیام کے مقاصد اور اس کی مختصر خدمات بھی پیش کی گئیں۔
آر این ایس پولیٹیکنیک کے لکچرار جناب ظہیر صاحب نے فکروخبر کو بتایا کہ ہر سال وہاں کے مسلم طلباء جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا دورہ کرتے ہیں جہاں مختلف علماء کرام سے استفادہ حاصل کرتے ہیں ۔ گذشتہ دو سالوں سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس طرح کا پروگرام ترتیب نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے جامعہ کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کی ہمفت افزائی کرنے اور انہیں اپنی نصیحتوں سے نوازے جانے پر وقتاً فوقتاً جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں اس طرح کے وفود کو ساتھ لے آنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
طلباء کے اس وفد نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات کو قریب سے دیکھا۔ خصوصاً جامعہ کی لائبریری کے ساتھ ساتھ ، اس کے وسیع وعریض کیمپس اور وہاں کی صفائی ستھرائی اور نظام کو دیکھ کر طلباء نے بڑی خوشی کا اظہار کیا۔
وفد میں بھٹکل سمیت ، کاروار ، انولہ ، کمٹہ ، کنداپور ، اڈپی ، گوا اور راجستھان وغیرہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل تھے۔
Share this post
