بھٹکل17اگست 2020(فکروخبرنیوز) کمٹہ کے ایم ایل اے دناکر شیٹی کی جانب سے صحافیوں کے جذبات مجروح کرنے اور ان پر بے تکا الزام لگانے کی ہر طرف سے مذمت کی جارہی ہے۔ ایم ایل اے کے عہدے پر فائز رہنے کے باوجود اتنی کم سطح کی ذہنیت کا مظاہرہ صحافیوں کے تعلق سے ان کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے ۔ مذکورہ ایم ایل اے نے پریس ڈے کے موقع پر اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ وہ کسی اور کے پیسوں پر رہتے ہیں۔ اس بیان سے نہ صرف صحافیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ پوری صحافتی برادری کو کٹہرے میں کھڑی کرنی کی ایک سازش رچی گئی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس طرح کے بیانات سے صحافیوں کو کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی بیان کی مذمت میں آج بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ ایڈی یوروپا کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں ایم ایل اے کی اس بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اسی طرح بنگلورو میں فسادات کے دوران صحافیوں پر حملہ کی بھی مذمت کی گئی۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعہ وزیر اعلیٰ کو پیش کئے گئے میمورنڈم میں صحافیوں کے تحفظات کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ۔ اس موقع پر ضلع ورکنگ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ،تعلقہ صدر بھاسکر نائک ، سکریٹری موہن نائک ، نائب صدر رضوان گنگاولی ، ضلع کمیٹی ممبر فیاض ملا ، سابق صدر راگھویندرا ہیبار ، ستیش کمار، شاہد ، پرسنا بھٹ ، ادئی نائک ، راگھویندرا مہالے وغیرہ موجود تھے۔
Share this post
