بھٹکل میں موسلادھار بارش سے رنگن گٹے اہم شاہراہ تالاب میں تبدیل ، بائک سواروں کا گذرنا خطرہ سے خالی نہیں

بھٹکل07؍جولائی 2024 (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں آج موسلادھاربارش کی وجہ سے اہم شاہراہ رنگن گٹا تالاب میں تبدیل ہوگیا۔ پانی نکاسی کا صحیح نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ کی طرح آج بھی بارش ہوتے ہیں سڑک تالاب میں تبدیل ہوگئی اور سواروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جب بھی موسلادھار بارش ہوتی ہے تو یہاں پانی جمع ہونا گویا معمول ہوگیا ہے اور یہ سلسلہ کئی سالوں سے چل رہا ہے۔ تقریباً پچاس میٹر کے اس سڑک میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آرہا ہے اور یوں لگ رہا ہے کہ یہاں پانی نکاسی کا کوئی نظام نہیں ہے۔ کئی دفعہ افسران نے یہاں کے دورہ کیا، سالِ گذشتہ وزیر انچارج منسٹر اور ایم ایل اے منکال وائیدیا نے بھی یہاں پہنچ کر افسران کوکھری کھری سنائی تھی لیکن ایسا محسوس ہورہا ہے کہ افسران کے کانوں جوں نہیں رینگتی۔

کل سنیچر کو بارش کم ہونے کے بعد متعلقہ افسران کی جانب سے ایک تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں رنگن کٹے سڑک پر پانی ہی نہیں ہے لیکن آج جیسے ہی بارش ہوئی دوبارہ پانی جمع ہوگیا۔ سواریوں کو حفاظت کے ساتھ گذرنے کے لیے نوجوان بھی اپنی خدمات پیش کررہے ہیں اور سواریوں کو ڈائریکشن دے کر حفاظت سے گذرنے کی صلاح دے رہے ہیں۔ شمس الدین سرکل سے آتے ہوئے اسی جگہ چار لائن فور لین ہائے وے ٹو لائن میں تبدیل ہوجاتا ہے اور تھوڑی ہی دور آگے بڑھنے پر دوبارہ فورلین میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اس جگہ ٹریفک سیفٹی کے لیے کچھ کھمبے گاڑدئیے گیے ہیں لیکن اگر کوئی نیا سوار یہاں سے گذررہا ہے تو وہ اس کو اندازے سے گذرنے کے علاوہ کسی بھی طرح کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں ہے۔ ایک گوڈس آٹو نالے میں پھنسنے کے بعد بڑی کوششوں سے اسے دھکا دے کر آگے بڑھایا گیا۔ کئی اسکوٹر کے انجن میں پانی جانے سے بند ہوگیے۔ ایک بائک سوار بے قابو ہوکراسی جگہ گرگیا۔

سوال یہ ہے کہ آخراس کا کوئی حل نکل آئے گا یا پھر عوام کی امیدیں دھری کی دھری رہ جائیں گی؟؟

Share this post

Loading...