بھٹکل : ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹکٹ کاؤنٹر سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا

بھٹکل 07؍ دسمبر2023 (فکروخبرنیوز) ضلع اترکنڑا میں کاروار کے بعد بھٹکل کا ریلوے اسٹیشن واحد ریلوے اسٹیشن ہے جہاں اکثر ٹرینیں رکتی ہیں لیکن اتنا مصروف ریلوے اسٹیشن ہونے کے باوجود یہاں ایک ہی ٹکٹ کاؤنٹر ہے جس سے مسافروں کو ہورہی پریشانیوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

جب ایڈوانس بکنک کاؤنٹر یہاں شروع کیا گیا تو اس کے لیے الگ کاؤنٹر قائم کیا گیا تھا اس کے علاوہ عام ٹکٹ اور پلیٹ فارم ٹکٹ کے لیے دوسرا کاؤنٹر تھا لیکن کونکن ریلوے نے یہ دلیل دیتے ہوئے ایک کاؤنٹر بند کردیا کہ جہاں سو سے کم ایڈوانس ٹکٹیں بُک ہوتی ہیں وہاں کے کاؤنٹر ہٹادیئے گئے ہیں۔

اندازے کے مطابق بھٹکل میں قریب 15 ریل گاڑیاں رکتی ہیں۔ یہاں ایڈوانس بکنگ ، تاتکال بکنگ ، عام ٹکٹ ، پارسال بکنگ اور پلیٹ فارم ٹکٹ کے لیے ایک ہی کاؤنٹر ہے اور کوئی ٹرین آرہی ہے اور اس وقت کسی کو ٹکٹ حاصل کرنا ہو تو اسے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مسافروں کو اس وقت بڑی پریشانی اٹھانی پڑتا ہے جب صبح دس اور گیارہ بجے تاتکال ٹکٹ کے حصول کے لیے قطار میں لوگ انتظار کررہے ہوتے ہیں۔ ان اوقات میں آنے والی ریل گاڑیوں کے لیے عام ٹکٹ حاصل کرنا دشوار ہوجاتا ہے۔ اگر عام ٹکٹ والوں کا خیال کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ فراہم کیا جائے تو تاتکال ٹکٹ کی بکنگ فُل ہوجاتی ہیں۔

عوام کا مطالبہ ہے کہ کونکن ریلوے کو بھٹکل میں مسافروں کو ہورہی پریشانیوں کو دور کرنے لیے اقدامات کرنے چاہیے  اور یہاں کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔

Share this post

Loading...