بھٹکل07؍ اکتوبر2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل سے گذرنے والی وہ گاڑیاں جن کا اسٹاپ یہاں نہیں ہے اور جن کے اسٹاپ سے بھٹکل کی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ان کی نشاندہی کے ساتھ اسٹاپ کا مطالبہ شہر کی مختلف تنظیموں کی جانب سے کیا گیا۔ ان تنظیموں میں مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل ، رابطہ سوسائٹی بھٹکل ، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن ، بھٹکل وکاس سمیتی اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے آج ایک میمورنڈم شہر کے ریلوے اسٹیشن پہنچ اسٹیشن ماسٹر کو پیش کیا۔
اس موقع پر ان تنظیموں کے نمائندوں نے بتایا کہ بھٹکل سے حکومت کو ملنے والی ریوینواتنی زیادہ ہے شاید ہی ضلع کے کسی تعلقہ سے ملتی ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں یہاں این آر آئیز موجود ہیں اور یہاں کے طلبہ تعلیم حاصل کرنے اور مختلف افراد تجارت کے لیے ہندوستان کے مختلف علاقوں کا سفر کرتے ہیں۔ اس لیے یہاں بعض ٹرینوں کا رکنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تنظیموں کی جانب سے میمورنڈم دئیے جانے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر بھٹکل کو ترقی دلانے کے لیے کوشاں ہیں اور ان کاموں کے ذریعہ سے بھٹکل میں بھائی چارہ کی مثال پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ اس لیے ان تنظیموں اور اداروں کا مطالبہ ہے کہ بھٹکل سے گذرنے والی وہ ریل گاڑیاں جن کا اسٹاپ یہاں نہیں ہے اور جن کے اسٹاپ سے بھٹکل کی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ان کی نشاندہی کی گئی ہے اور اسٹیشن ماسٹر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان کے اس مطالبہ کو آگے بڑھائیں اور ریاستی سطح کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر پہنچاکر بھٹکل کی عوام کے لیے سہولیات پیدا کریں۔
Share this post
