بھٹکل رحمت آباد فرنڈس فورم کی جانب سے منعقد کیا گیا تعلیمی ایوارڈ پروگرام

rff, rahmat abad, bhatkal, taleemi award,

بھٹکل28؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) رحمت آباد فرینڈس فورم کی جانب سے کل رات بعد نمازِ عشاء تعلیمی ایوارڈ کا پروگرام مسجد ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ میں منعقد کیا گیا جس میں ایس ایس ایل سی ، پی یو سی ، گرائجویشن ، پوسٹ گرائجویشن ، فضیلت (ندوہ سے فارغ) ، جامعہ سے فارغ ، حفاظ اور حافظات وغیرہ کے درمیان تعلیمی ایوارڈ تقسیم کیے گئے اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر اسٹیج پر موجود حاضرین نے اپنے مفید خطاب سے نوازا اور جنرل سکریٹری نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں مختلف ناحیوں سے نوجوانوں کی جارہی تربیت کی  تفصیلات آگاہ کرتے ہوئے اگلے عزائم بھی پیش کیے۔

قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کو مل بیٹھنے اور ان کی تربیت کے لیے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت تھی ۔ خصوصاً طلبہ کے لیے اسکول سے واپسی کے بعد ان کا وقت صحیح طور پر گذر کرے اور یہ اس وقت ہوگا جب ان کی صحیح تربیت کی جائے گی۔ مولانا نے مزید کہا کہ آپ کے علاقہ میں آباد لوگوں کو تعلیمی ، اخلاقی اور دیگر چیزوں کی ترقی کی فکر اس کے ذریعہ ہونی چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ اس کے ذریعہ کچھ ایسے امتیازی شان ہونی چاہیے جو دوسروں کے لیے قابلِ تقلید ہو۔ مولانا نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ اس علاقہ سے کئی طرح کی گاڑیاں گذرتی ہیں ، اسی طرح یہاں کا کچرہ نکاسی کا مسئلہ ہے ، اس پر بھی آپ کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے نوجوانوں پر بھی نظر رکھنے کی طرف ذمہ داران کی طرف توجہ دلائی کہ ان کے اندر غیر اخلاقی چیزیں پیدا نہ ہوں۔

استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامات بچوں کی ہمت افزائی کے لیے کیے جاتے ہیں، ہماری نسل اس وقت ترقی کرسکتی ہے جب ان کی ہمت افزائی کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ  ہمت افزائی کرنے سے آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے  ، مولانا نے اپنے ماموں محترم مولانا ہاشم ندوی کے بارے میں کہا کہ چھوٹی سے کامیابی پر ان کی ہمت افزائی کا انداز بہت ہی نرالا ہے اور واقعی میں ہمت افزائی کے ذریعہ آگے بڑھنے کا حوصلہ مل جاتا ہے۔ مولانا نے انعام کے ذریعہ مزید بچوں کی افزائی پر بھی زور دیا۔

انجمن پی یو کالج کے پرنسپال جناب یوسف کولا نے کہا کہ جنہوں نے ایوارڈ حاصل کیا ان کے لیے مبارکباد ہے اور جنہوں نے ایوارڈ کے حصول کے لیے کوشش کی انہیں بھی مبارکباد ۔

انہوں نے کامیاب انسان بننے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے مقاصد متعین کرکے اس کو حاصل کرلیتا ہے وہ کامیاب انسان ہے لیکن حقیقت میں کامیاب وہ شخص ہے جو جہنم سے بچایا جائے اور جنت میں داخل کیا جائے۔ ہمیں کامیابی کا یہ معیار ذہنوں میں بٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کامیابی کے حصول کے لیے وقت کی پابندی ، فرمانبرداری ، ادب  اور ماں باپ کی اطاعت اور نمازوں کی پابندی بہت ضروری ہے۔

جنرل سکریٹری رابطہ سوسائٹی بھٹکل جناب عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم بہت ہی ضروری چیز ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔  اسی طرح آگے بڑھنے سے قوم ترقی کرتی ہے۔ یہ بچے کل کے قوم کے معمار ہیں۔ کیا بعید ہے کہ اس میں سے کچھ ایسے افراد پیدا ہوجائیں جو قوم وملت کی صحیح رہنمائی کریں۔   

جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے کہا کہ تعلیم کا مقصد جب نوکریوں کا حصول بن جائے تو اس قوم میں رہنما اور قائد پیدا نہیں ہوسکتی۔

استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس بات سے بڑی مسرت ہورہی ہے کہ دو ڈھائی سال کے اندر جس طرح انہوں نے اس فورم کے ذریعہ خدمات انجام دی ہیں وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اندر کھیل کی بات بالکل کم ہے اور زیادہ تعلیم وتربیت پر زور دیا جائے۔

اسٹیج پر آر ایف ایف کے صدر جناب عتیق کھومی بھی موجود تھے۔  

Share this post

Loading...