آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی ندوی کا فکر انگیز بیان ، پڑھیے یہ رپورٹ
بھٹکل 12 مئی 2024 (فکروخبرنیوز) رابطہ سوسائٹی بھٹکل کے زیر اہتمام آج یو پی ایس سی کی اہمیت اور اس کی ضرورت کے عنوان کے تحت ایک پروگرام رابطہ ہال میں منعقد کیا گیا جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے موجودہ دور میں سیول سرویس کی اہمیت وضرورت پر فکرانگیز خطاب کیا۔
مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے ملک کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر مسلمانوں اپنی تشخص باقی رکھنا چاہتے ہیں اور ملک میں اپنی بقاء چاہتے ہیں تو پھر انہیں سیول سرویس کے میدان میں آگے بڑھنا زمانہ کا تقاضہ ہے۔ مولانا نے مسلمانوں کے موجودہ تعلیمی تناسب کو بیان کرتے ہوئے انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے اور انہیں جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی مسلمانوں نے تعلیمی میدان میں اپنے تناسب کو بڑھانے کی کوشش نہیں کی تو پھر ان کا آگے بڑھنے کے لیے آئندہ کے مراحل آسان نہیں ہوں گے۔ مولانا نے کہا کہ سیول سرویس کے میدان میں ابھی کچھ سالوں سے مسلمان آگے آرہے ہیں اور یہ اقدام خوش آئند ہے لیکن جتنے فیصد وہ اس میدان میں ہونے چاہیے وہ اب نہیں ہے ، الحمدللہ اس کے لیے مختلف کوششیں ہورہی ہیں۔ ہم نے بھی کریسینٹ اکیڈمی کے تحت اس کے لیے کوششیں کیں اور اب تک کئی ایک آئی اے ایس ، آئی پی ایس افسر تیار کر میدان میں کام کررہے ہیں لیکن وہ ناکافی ہیں۔ مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا قیام کی وجوہات پر بھی روشنی ڈالی۔
مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ ہندوستان میں پہلے ایمان نشانہ پر تھا اور اب مسلمان نشانہ پر ہیں۔ پہلے یہ کوشش کی جاتی تھی کہ مسلمان اپنے ایمان کے ساتھ باقی نہ رہیں اب ان کے ملی تشخص کو ختم کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں اورحالات سے صاف طور پر ظاہر ہورہا ہے کہ اگر مسلمانوں کو یہاں رہنا ہے تو پھر اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے رہنا ممکن نہیں ہے۔ مولانا نے کہا کہ ہمیں پی ایم اور سی ایم کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ان کے پیچھے اصل کام کرنے والی ٹیم بنانے کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف سیول سرویس کے میدان میں آنے کے بعد ہی بنائی جاسکتی ہے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی اور قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے بھی ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
رابطہ کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا اور اس کے لیے رابطہ کی جانب سے مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔
پروگرام میں علماء ، دانشوران ، طلبہ اوران کے سرپرستان اور مضافاتی مختلف اداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
Share this post
