بھٹکل09؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے بھٹکل ایم ایل اے اور وزیر ماہی گیری برائے حکومت کرناٹک منکال ایس وئیدیا کی گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت کی گئی اور ان کو مبارکباد پیش کی گئی۔
اس موقع پر رابطہ جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے رابطہ کی جانب سے ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے بھٹکل کے اہم مسائل حل کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ بھٹکل سے گذرنے والی اہم شاہراہ نیشنل ہائے وے 66 سے متصل سرویس روڈ اور صفائی کے معاملات میں ڈرینیج فیلور جیسے اہم اور ضروری مسئلہ کے ساتھ دیگر سماجی مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔
وزیر موصوف نے میمورنڈم حاصل کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
میمورنڈم میں بھٹکل میں تنظیم کے قائدین کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں زیر بحث معاملات کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ رابطہ جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر موصوف ان مسائل کو حل کرنے میں اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے اور ترجیحی بنیادوں پر اس جانب توجہ دیں گے۔ رابطہ سوسائٹی نے وزیر موصوف کو ہر طرح کا تعاون پیش کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بھٹکل کے سماجی ادارے ہر قدم پران کے ساتھ تعاون کریں گے۔
خیال رہے کہ بھٹکل ایم ایل اے منکال وئیدیا کے الیکشن جیتنے کے بعد اور بالخصوص انہیں حکومتِ کرناٹک میں وزارت دیئے جانے کے بعد بھٹکل کے کئی سماجی ورفاہی اداروں نے ان کی تہنیت کرتے ہوئے انہیں اعزاز پیش کیا ہے۔
Share this post
