بھٹکل 09 فروری 2024 ( فکر و خبر نیوز) کریسنٹ اکیڈمی فار سیول سرویسیس ایکزام دہلی کی اشتراک سے بھٹکل مسلم خلیج کونسل سول سروس پر 11 اور 12 فروری کو رابطہ ہال میں دو روزہ ورکشاپ منعقد کرنے جارہا ہے جس میں ال انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری اور کریسنٹ اکیڈمی کے چیئرمین حضرت مولانا فضل الرحیم صاحب مجددی صاحب اپنی ٹیم کے ساتھ تشریف لا رہے ہیں۔
پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سیکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے آج رابطہ آفس میں پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام پی یو سی سال دوم اور گریجویشن کے طلباء کے لیے خصوصی طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں ان طلباء کے سرپرستان ، ان کے اساتذہ اور ان اداروں کے ذمہ داران کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
11 فروری کو شام ساڑھے چار بجے اس کی پہلی نشست منعقد ہوگی جس میں سول سروس پر مختلف ماہرین اپنے تجربات کی روشنی میں خطاب کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ 12 فروری شام ساڑھے چار بجے ان طلباء کے لیے خصوصی نشست منعقد ہوگی جس میں ان طلباء کا پہلے دن کے ورکشاپ کی روشنی میں امتحان لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ سوسائٹی اس ورکشاپ کے انعقاد پر خوشی محسوس کر رہی ہے کہ رابطہ کے قیام کے اتنے سالوں بعد اللہ تبارک و تعالی نے اس کی راہ ہموار فرمائی۔ مولانا فضل الرحمن مجددی صاحب کا تعارف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کی قائم کردہ اس کریسنٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام سیکڑوں طلباء سول سروس کے میدان میں اگیے ہیں اور مولانا اس میدان میں بڑا اچھا تجربہ رکھتے ہیں۔ امید ہے کہ اس ورکشاپ کے ذریعے بھٹکل اور اس کے مضافاتی علاقوں کے طلبہ کو سول سروس کے میدان میں اگے بڑھنے میں بڑی مدد ملے گی۔
اس موقع پر انہوں نے مولانا فضل الرحمن صاحب مجددی اور رابطہ کے ذمہ داران کے پیغام پر مشتمل ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں اس ورکشاپ کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے پی یو سی سال دوم اور گریجویشن کے طلبہ اور ان کے سرپرستان سے خصوصی طور پر شرکت کی گزارش کی گئی ہے۔
اس موقع پر ریاض جماعت کے فعال ممبر جناب حبیب اللہ محتشم بھی موجود تھے۔
Share this post
