بھٹکل : رابطہ سوسائیٹی کا تعلیمی ایوارڈ پروگرام 30 جولائی کو ہوگا منعقد ،  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری ہوں گے مہمانِ خصوصی

بھٹکل 23؍ جولائی 2023 (فکوخبرنیوز) رابطہ سوسائٹی کی جانب سے منعقد ہونے والا تعلیمی ایوارڈ پروگرام 30 جولائی کو وائی ایم ایس اے گراؤنڈ پر منعقد ہوگا جس میں بطورِ مہمانِ خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی شرکت کریں گے۔ مولانا محترم کے علاوہ رکن اسمبلی اور وزیر ماہی گیری منکال وئیدیا کے ساتھ ساتھ علماء اور دانشور حضرات بھی موجود رہیں گے۔  اس بات کی اطلاع رابطہ کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے پریس کانفرنس میں دی۔

انہوں نے مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام دو نشستوں پر مشتمل ہوگا، پہلی نشست صبح دس بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک اور دوسری نشست بعد عصر سے مغرب تک چلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ ایوارڈ کے لے بھٹکل وبیرونِ بھٹکل میں ممتاز طلبہ کے ناموں کے اندراج کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 25 جولائی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امسال طلبہ ، اسکول اور اساتذہ کے لیے کل 32 ایوارڈس ہیں۔ ان کے علاوہ اہم شخصیات میں نائب مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا عبدالعزیز خلیفہ ندوی ، رابطہ کلینک میں ایک عرصہ سے اپنی خدمات انجام دینے والی ڈاکٹر نازنین اور بھٹکل کی مشہور معلمہ محترمہ رابعہ آپا کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے پروگرام کی دونوں نشستوں میں شرکت کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ 30 جولائی کی رات نوائطی مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب فاروق مصباح اور رابطہ ایوارڈ پروگرام کے کنوینر جناب یاسر قاسمجی نے بھی پروگرام کی تفصیلات سامنے رکھیں۔

Share this post

Loading...