بھٹکل پرانی مچھلی مارکیٹ کو منتقل کرنے کا معاملہ: پرانی مارکیٹ کو بحال رکھتے ہوئے نئی مھچلی مارکیٹ شروع کی جائے، مشترکہ میٹنگ میں لیا گیا فیصلہ

بھٹکل 31 مارچ 2021 (فکروخبرنیوز) شہر میں پرانی مچھلی مارکیٹ سے نئی مچھلی مارکیٹ میں کاروبار منتقلی کو لے کر اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں مچھلیوں کے کاروبار سے جڑے افراد، میونسپل کونسل کے صدر، نائب صدر اور چیف آفیسر اور دیگر ذمہ داران، اسی طرح محکمۂ پولیس کے ذمہ داران کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا ہے کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کو اسی حالت میں برقرار رکھتے ہوئے نئی مچھلی مارکیٹ کو شروع کیا جائے۔ میٹنگ میں اے سی ممتادیوی نے شکایات سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا ہے۔ کچھ دیر کے لیے بحث ومباحثہ بھی ہوا اور ڈی وائی ایس پی سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے ماہی گیروں کی حمایت میں گفتگو کرنے والوں کو کھری کھری سنائی اور کہا کہ میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں معاملہ کو الجھانے  کے بجائے سلجھانے کی بات کی جائے۔ ہم یہاں معاملہ کو حل کرنے کے لیے بیٹھے ہیں۔ 
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرنے ماہی گیروں سے درخواست کی کہ مزید سہولیات کے لیے وہ اپنی یادداشت پیش کریں اس پر غوروخوض کے بعد کوئی اقدام کیا جائے گا۔ 
نامداری سماج کے صدر کرشنا نائک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نئی مچھلی مارکیٹ شروع کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کو بحال رکھا جائے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں بیلی، منڈلی اور دیگر علاقوں سے مچھلیوں کا کاروبار کرنے والے پیدل آتے ہیں اور مارکیٹ کے منتقل کیے جانے کے بعد وہ اس طرح مارکیٹ نہیں پہنچ سکیں گے۔ 
میونسپل کونسل کے صدر جناب پرویز قاسمجی نے کہا کہ نئی مچھلی مارکیٹ میں مزید سہولیات کے لیے ان کی طرف سے جو مطالبات کیے جائیں گے انہیں میٹنگ میں رکھ کر اس پر آخری فیصلہ لیا جائے گا۔ 

 

Share this post

Loading...