بھٹکل گنیش تہوار کے پیشِ نظر پیس میٹنگ کا انعقاد

بھٹکل :28اگست2019(فکروخبرنیوز)گنیش تہوار کے موقع پر شہر میں امن و امان کی  صورتحال کو برقرار رکھنے اور تہوار کے موقع پر  ضروری قدم اٹھانے کے لئے  آج  تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے امن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری محکموں کے ذمہ دار اور مسلم اور غیر مسلم اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے امن و امان کو برقرار رکھنے میں اپنا مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے اپنی بات رکھتے ہوئے شہر میں امن وامان کو قائم رکھنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یہاں لوگ شہر میں امن کے لئے اپنی  ذمہ داری کا احساس رکھتے ہوئے ہمیشہ سے ہی اپنا تعاون پیش کرتے آرہے ہیں اور اس مرتبہ بھی لوگوں سے یہی امید کی جاتی ہے

 اس موقع پر گنپتی نائک مٹھلی نے تہواروں کے موقع پر  شراب بندی کے احکامات کے باوجود دھڑلے سے شراب فروخت کئے جانے کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کہاکہ  انتظامیہ کے سخت احکامات کے باوجود  شراب بندی کی ہدایت کو نظر انداز کیا جا تا ہے جس سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کر نا پڑتا ہے ، اسکی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ آبکار ی کے افسران  علاقوں میں شراب کے کاروبار پر لگام لگانے میں  ناکام ہیں اور لوگوں کی شکایت کے باوجود بھی افسران اس کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے شراب کے اڈوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے اقدام کئے جانے کی ضرورت  ہے

شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے اسٹنٹ کمشنر ساجد ملا نے محکمہ آبکاری کے افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ تہواروں کے موقع پر شراب بندی کو نافذ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے

خیال رہے کہ اس امن میٹنگ میں مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے  جنرل سکریٹری  جناب عبد الرقیب ایم جے ، عنایت اللہ شاہ بندری ، پرویز قاسمجی ،کے ایم اشفاق ، آٹو یونین صدر کرشنانائیک  سمیت کئی افراد نے شرکت کی

Share this post

Loading...