عزائم ، حوصلوں اور منصوبہ بند طریقہ کے ساتھ آگے بڑھنے پر علماء نے دیا زور
بھٹکل 30؍ جنوری2020(فکروخبرنیوز) ادارہ ادبِ اطفال کے نوائط کالونی میں نئے دفتر کا افتتاح آج بعد عصر مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب ندوی کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ اس نئے دفترکی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ادارہ کے مختلف شعبہ جات کے دفاتر جیسے مولانا عبدالباری لائبریری، کہکشاں اسٹوڈیو، کاروانِ اطفال کا دفتر وغیرہ اور مدیر، سکریٹری اور دیگر ذمہ داران کے لیے الگ الگ نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ دفتر کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ ہر شعبہ کے ذمہ داران پورے سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
اس موقع پر متہمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے ادارہ ادبِ اطفال خصوصاً ماہنامہ پھول کے مدیر مولانا عبداللہ دامداابو ندوی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پانچ یا چھ سال قبل شروع کیا جانے والا یہ کام اللہ کے فضل سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا ہے کہ درحقیقت یہ کام حضرت مولانا علی میاں ندویؒ ہی کی فکر ہے جس کو انہوں نے اپنی آخری زندگی میں اپنے اوپر سوار کرلیا تھا۔
ماہنامہ پھول کے سرپرست اور بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے ادارہ کے ذمہ داران کو مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی پر ہمیں بس نہیں کرنا ہے بلکہ ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ جب کچھ نہیں تھا تو کچھ ہوگیا اور اب جب کام شروع ہوچکا ہے تو نئی فکروں کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ مثال کے طور پر یہاں چھ سو بچے آرہے ہیں تو ہمیں یہ فکر کرنی چاہیے کہ بقیہ بچے کیوں نہیں پہنچ رہے ہیں۔ مولانا نے مزید کہا کہ ہم اپنا جائزہ لیتے رہیں کہ ہمارے کاروان میں لوگ بڑھ رہے ہیں اور وسائل پہلے سے زیادہ ہیں لیکن ہم آگے بڑھ رہے ہیں یا نہیں ہے اس ناحیہ سے بھی ہمیں غور کرنا چاہیے۔ مولانا نے کہا کہ ارادے، عزائم اور منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنے پر اللہ کی مدد بھی شاملِ حال ہوجاتی ہے۔
فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف اور ادارہ ادبِ اطفال کے ذمہ دار مولانا سید ہاشم صاحب ندوی نے ادارہ کے جملہ ذمہ داران اور کارکنان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہی بہترین انداز میں یہ کارواں آگے بڑھ رہا ہے، انہوں نے مزید عزائم اور حوصلوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا
محبت مجھے ان جوانوں سے ہے ستاروں پر جو ڈالتے ہیں کمند
اور نوجوانوں سے درخواست کی کہ اسی طرح مزید آگے بڑھتے رہیں۔
جناب قمر سعدا صاحب نے اپنے خیالات کے اظہار کے کہا کہ جس انداز سے یہ ٹیم کام کررہی ہے وہ واقعی قابلِ مبارکباد ہے، انہوں نے نئے دفترکی افتتاح پر اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آفس کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ یہاں آنے پر بچوں کا دل لگے گا اور وہ بار بار آنے کی تمنا کریں گے۔
ماہنامہ پھول کے مدیر مولانا عبداللہ دامداابو ندوی نے اللہ کا شکر بجالاتے ہوئے کہا کہ ہم جس فکر کو لے کراٹھے تھے الحمدللہ اس میں ہم بہت آگے بڑھ رہیں اور اب حال یہ ہے کہ یہ ادارہ اب دوسروں کے لیے ماڈل بن رہا ہے۔ کئی لوگ صرف یہاں کا نظام دیکھنے کے لیے تشریف لاچکے ہیں اور الحمدللہ ملک کے کئی شہروں سہارنپور، آگرہ اور بہار وغیرہ میں لائبریریوں کا قیام عمل میں آچکا ہے اور بنگلور اور حیدرآباد میں جلد ہی افتتاح ہونے والا ہے۔
استاد دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا عبدالرشید صاحب ندوی نے بھی ادارہ کی کوششوں کی سراہنا، مولانا موصوف ہی کی دعا پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
