بھٹکل : نائب قاضی اول مولانا محمد انصار ندوی مدنی کے اعزاز میں منعقد ہوئی نشست

بھٹکل 03؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) آزاد نگر فرینڈس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری واستاد تفسیر وفقہ مولانا محمد انصار صاحب ندوی مدنی کو نائب قاضی اول کے عہدے پر فائز کیے جانے پر انفا اور جمعیت مسجد طوبیٰ کی جانب سے کل رات بعد عشاء ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا کی تہنیت بھی کی گئی۔

مولانا انصار صاحب ندوی مدنی نے اس موقع پر اپنی تعلیم کے ساتھ زندگی کے مختلف ادوار کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے محسنین کو یاد کیا اور ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔ اپنی تعلیم سے لے کر اب تک کے احوال کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلات سے بیان کیا۔ جس میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی تعلیم ، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو اور اس کے بعد مدینہ یونیورسٹی میں بیتے ایام کا بھی تذکرہ کیا۔ اسی کے ساتھ اپنی زندگی کے قیمتی تجربات بھی بیان کیے۔

اس موقع پر مولانا عبداللہ ندوی مدیر ماہنامہ پھول نے تہنیت نامہ پیش کرتے ہوئے مولانا کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل و جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ اسٹیج پر تشریف فرما علماء کرام کسی نسبت کی وجہ سے ان عہدوں پر فائز نہیں کیے گئے ہیں بلکہ قاضی اور ان کے نائبین کی ذمہ داری دینے کے لیے اس سے متعلق اہم چیزیں دیکھنی پڑتی ہیں اس کے بعد ہی یہ ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔ مولانا نے حدیث کے حوالہ سے کہا کہ جو شخص بلاعہدہ طلب کئے اسے عہدہ مل جائے تو اس کے ساتھ اللہ کی مدد شاملِ حال ہوتی ہے۔

مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے کہا کہ قضائت کی عظیم ذمہ داری ان پر ڈالی ہے۔ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ کس طرح وہ اپنے اوقات کو فارغ کرتے ہیں۔ مقررہ اوقات کے علاوہ بھی لوگ ان کے پاس اپنے مسائل لیے آتے ہیں۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ عصر کے بعد لگی مجلس رات بارہ بجے ختم ہوتی ہے۔ اور اس وقت مسئلہ کی نزاکت بھی یہی ہوتی ہے کہ اسی وقت وہ مسئلہ حل کیا جائے۔ لہذا ہمیں تبصروں کے بجائے ان کی استقامت کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

نائب قاضی دوم مولانا مفتی عبدالنور فکردے ندوی نے کہا ہماری قوم کی تاریخ رہی ہے کہ وہ کئی صدیوں سے جماعتی نظام سے جڑی ہوئی ہے انہوں نے جماعتی نظام کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں کرنے پر زور دیا۔ مولانا نے کہا کہ جس طرح باپ اپنے بیٹوں کی غلطیوں کو درگذر کرتے ہوئے اس کو ساتھ لے کر چلتا ہے اسی طرح مجھے امید ہے کہ قاضی اور نائب قاضی صاحبان میرے روحانی سرپرست کا درجہ رکھتے ہیں  ، وہ بھی میری قدم قدم پر رہنمائی کریں گے۔

Share this post

Loading...