بھٹکل : یکم ستمبر 2022(فکرو خبر نیوز) بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے ایک وفد نے آج فکرو خبر عملہ کے ساتھ قوم و ملت کے مختلف مسائل پر غوروخوض کیا اور حکمت عملی کے ساتھ مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے پر ابھارا۔
آج بعد مغرب دفتر فکرو خبر میں منعقدہ نشست میں خلیج کونسل کے ذمہ داران نے کہا کہ فکرو خبر نے اپنی معیاری خدمات کے ذریعہ معاشرہ کے مختلف مسائل کی طرف عوام کی توجہ مبذول کرائی ہے اور یقیناً اس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے اداروں کو مستحکم کرنے اور قانونی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ذمہ داران نے کہا کہ موجودہ نسل کو ایمان سے جوڑنے کے لیے اس طرح کی کوششیں مزید ہونی چاہیے خصوصاً نوائط تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے ایک منظم لائحہ عمل کے ذریعہ آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔
مدیر اداری فکرو خبر مولانا عبد الاحد ندوی کے فکرو خبر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارہ کی بنیاد مولانا ہاشم نظام ندوی نے عظیم دعوتی مقاصد کے تحت ڈالی اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے فکروخبر کے نام میں بھی فکر کو مقدم رکھا اور خبر کو اس کے ضمن میں رکھا ہے۔ اس کے ساتھ مولانا نے اسلامی افکار کے مقاصد ، اس کے ذریعہ انجام پانے والی خدمات اور اب تک اس کے ذریعہ ملک کے مختلف ریاستوں کی عوام کو ہونے والے فوائد سے بھی آگاہ کیا۔
رفیق فکرو خبر مولانا ایاد احمد ندوی نے فکرو خبر کے مختلف پروگراموں کے مقاصد اور اس کی چند جھلکیاں سامنے رکھیں۔
ذمہ داران میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری صاحب ، کنیرا مسلم خلیج کونسل کے صدر یونس قاضیا صاحب کے ساتھ پلور صادق صاحب، عبد القادر باشاہ رکن الدین صاحب ، محی الدین رکن الدین صاحب اور دیگر موجود تھے۔
Share this post
