بھٹکل 08؍ فروری2021 (فکروخبر نیوز) شہر کے موگلی ہونڈا نامی علاقہ میں کباڑی کی دکان کے قریب آگ بھڑک اٹھنے سے لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ فکروخبر کے مطابق آج صبح کے اوقات میں کباڑی دکان کے قریب آگ لگی اورہوا کے تیز ہونے کی وجہ سے دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیلتی چلی گئی اور کباڑی اور مرغی کی دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس پورے علاقہ میں آج دھواں ہی دھواں نظر آیا۔ یہ دکانیں اہم شاہراہ سے قریب واقع ہونے کی وجہ سے ٹریفک نظام بھی متأثر رہا۔ فکروخبر کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کباڑی دکان کے مالک نے بتایا کہ اس حادثہ کی وجہ سے لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ عینی شاہد جناب قمر الدین مشائخ نے ہمیں بتایا کہ آگے پہلے مرحلہ میں بہت ہلکی تھی او راسی وقت اسے بجھانے کی کوششیں ہونے لگیں لیکن ہوا تیز ہونے کی وجہ سے اچانک آگ نے کباڑی اور مرغی کی دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس حادثہ کی وجہ سے دکان میں موجود کئی مرغیوں نے بھی دم توڑا۔ فائر بریگیڈ کے عملہ کے بروقت نہ پہنچنے کی بھی انہوں نے بات کہی جس کے بعد آزاد اسپورٹس کے نوجوان بھی جائے واقعہ پر پہنچے اور آگ بجھانے میں اپنا تعاون پیش کیا۔ کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ عملہ بھی وہاں پہنچ گیا اور مقامی لوگوں کے تعاون سے آگیپرقابو پانے میں کامیابی حاصل کرلی۔
Share this post
