بھٹکل : معمر خاتون نے حفظِ قرآن کریم کی تکمیل کر کے قائم کی مثال

Bhatkal. Hifze Quran, Quran, muammar khatoon

بھٹکل 21؍ دسمبر2022(فکروخبرنیوز)  بھٹکل میں چھوٹی عمرسے لے کر بڑی عمر کے افراد بھی حفاظِ کرام کی فہرست میں شامل ہوکر دنیوی و اخروی سعادتوں کو سمیٹ رہے ہیں ، اس سے بڑی حیرت کی بات یہ ہے کہ خواتین بھی اس میدان میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں۔ چھوٹی عمر میں حفظِ قرآن کی نعمت سے سرفراز ہونا معمول کی بات ہے لیکن عمر رسیدہ خاتون بھی اس سعادت کے حصول کے لیے آگے آجائیں تو پھر حفظِ قرآن سے جی چرانے کا کوئی بہانہ باقی نہیں رہتا۔

جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاد مولانا غفران اکرمی ندوی نے فکروخبر کو بتایا کہ ان کی اہلیہ کے پاس ابھی چند روز قبل ایک معمر خاتون شمیم زوجہ جلال برماور مرحوم نے حفظ قرآن کی تکمیل کی اور اس کے کچھ ہی روز بعد ایک نو عمرلڑکی مسکان بنت نثار رکن الدین بھی حفظِ قرآن کریم کی دولت سے مالا مال ہوئی ۔ دونوں کے حفظ کی تکمیل کی تقریب میں معروف عالمِ دین مولانا محمد صادق اکرمی ندوی مدظلہ العالی نے شرکت کی اور حفظِ قرآن کی تکمیل کرائی ۔ اس موقع پرمولانا موصوف اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی نے قرآن کریم کی فضیلت اور حافظِ قرآن بننے والے کو اللہ کی طرف سے دنیا وآخرت میں ملنے والے اعزاز کا تذکرہ کرتے ہوئے ترغیب بھی دلائی۔ حافظہ شمیم کے بارے میں بتایا کہ چند سال قبل ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا ، اس کے بعد انہوں نے حافظہ بننے کا ایسا پختہ ارادہ کرلیا کہ پھر پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اوراس راہ میں پیش آنے والے ہر مرحلہ کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حنیف آباد میں واقع ان کے گھر الحسنہ میں صبح اور شام بچیاں اور عمر رسیدہ خواتین قرآن کریم سیکھنے کے لیے آتی ہیں اور حفظِ قرآن کا بھی نظم ہے۔ اب تک تین حافظات نے حفظِ قرآن کی تکمیل کی ہے جن میں ایک مولانا مصدق ہلارے ندوی کی دختر بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ بھٹکل میں پانچ سال سے لے کر ساٹھ سالہ سے زائد عمر کی خواتین بھی حفظِ قرآن کریم کی تکمیل کرکے دوسروں کے لیے مثال قائم کرچکی ہیں۔

Share this post

Loading...