بھٹکل :04ستمبر2014(فکروخبرنیوز)مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل گزشتہ کئی سالوں سے دینی بنیادوں پر عصری نصابی کتابیں الحمدللہ تیار کررہی ہے۔ نئی نسل کی اسلامی بنیادوں پر تعلیم و تربیت ملت کی بنیادی ضرورت ہے، اکیڈمی نے اللہ تعالیٰ ہی کے بھروسہ پر اکیڈمی کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی مدظلہ العالی کے حکم پر اس کی ترتیب و تدوین اور ترویج کا بیڑا اٹھایا اور گزشتہ پانچ سالوں میں نرسری سے لے کر تیسری جماعت تک انگریزی، ریاضی، سائنس، جنرل نالج، اردو، ھندی، کنڑ وغیرہ کی چھ درجات کی ۵۵(پچپن) نصابی کتابیں ملٹی کلر میں خوبصورت گرافک کے ساتھ تیار ہوکر الحمدللہ منظر عام پر آئیں، جس کو علماء امت و ماہرین تعلیم نے نہایت ہی قدر کی نگاہوں سے دیکھا، الحمدللہ اب ہند و بیرون ہند کے کئی ملکوں کے مختلف اسکولوں اور مدارس میں یہ نصابی کتابیں زیر نصاب ہیں۔ حضرت مولانا سید واضح رشید صاحب ندوی رحمہ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ اس وقت برصغیر میں عصری تعلیمی اداروں کے لیے دینی بنیادوں پر نصابی کتابوں کی تدوین کا یہ کام اپنی نوعیت کا انقلابی اور تجدیدی کام ہے۔
اس منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے اکیڈمی کی طرف سے گزشتہ دنوں تین نئی کتابیں جنرل نالج اور کالجس کی طالبات وطلباء کے لیے اسلام کی بنیادی تعلیمات اور میری کتاب اردو برائے درجہ پنجم منظر عام پر آئیں ہیں جس کی ترتیب میں بالترتیب اکیڈمی کے رفقاء علمی جناب عبدالرحیم صاحب منشی، مولانا ساجد رحیم ندوی، مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی اور مولانا منصور شیخ ندوی کا اہم حصہ ہے۔
۴/ محرم الحرام ۱۴۴۱ھ مطابق ۴/ ستمبر ۹۱۰۲ء بروز بدھ بوقت عصر اکیڈمی میں اس سلسلہ میں ایک اعزازی نشست منعقد ہوئی، اس موقع پر اکیڈمی کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا الیاس صاحب ندوی نے ان کتابوں کا مختصر تعارف فرمایا اور بتایا کہ ابتداء سے اب تک اس سلسلہ میں ان کتابوں کی تیاری میں مولانا داؤد صاحب خلیفہ ندوی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اکیڈمک اسٹاف کالج کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عبدالرحیم صاحب قدوائی اور برطانیہ میں مقیم ماہر تعلیم مریم دخان صاحبہ اور اکیڈمی کے رفیق ساجد رحیم ندوی کا بنیادی حصہ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں اپنی محنت وکاوشیں صرف کرنے والوں کی سراہنا کرتے ہوئے اس کی تیاری ونشر واشاعت میں اپنی خدمات اور اپنا بھرپور تعاون کرنے والے سب ہی حضرات کا مولانا نے شکریہ ادا کیا اور انہیں گرانقدر نقداعزاز سے بھی نوازا، اور مزید ترقی واستحکام کی دعا دی، نیز آئندہ کے لیے مزید کتابوں کی تیاری کے منصوبہ پر بھی روشنی ڈالی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارہ کو ہر شر سے محفوظ رکھے، اور جس منصوبے کے تحت اس کا قیام ہوا ہے اس میں مزید کامیابی عطا فرمائے۔
رپورٹ: محمد مسیب محتشم ندوی
Share this post
