بھٹکل 04؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں آج بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا ، اہم شاہراہ سے لے کر گلی کوچوں تک ہر جگہ جگہ پانی ہی پانی ہے۔ موسم کو دیکھتے ہوئے کل صبح ساڑھے آٹھ بجے تک ریڈ الرٹ جاری کیا گیاہے اور ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے بعد ضلع کے ہوناور ، کمٹہ ، انکولہ ، کاروار اور بھٹکل کے تمام اسکولوں اور پی یو کالجس کے لیے متعلقہ بلاک ایجوکیشن افسران نے کل 5 جولائی کو چھٹی کے احکامات کی تصدیق کی ہے۔ بھٹکل کے ملی اسکولوں میں علی پبلک اسکول اور نیوشمس انگلش میڈیم ہائی اسکول نے باضابطہ طور پر اپنے تعلیمی ادارے میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
بارش کا اثر سب سے زیادہ رنگن کٹے اور اس کے قریب کے علاقوں پر پڑا جہاں اہم شاہراہ پر جمع پانی سے سواریوں کے لیے دقتیں پیش آئیں وہیں گھروں کے زینوں تک بھی پانی پہنچا جس سے مکینوں کو تشویش لاحق ہوگئی۔
اس کے ساتھ ساتھ شمس الدین سرکل پر جمع پانی سے ہمیشہ کی طرح آج بھی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمۂ موسمیات نے کل صبح ساڑھے آٹھ بجے تک ریڈ الرٹ اور 7 جولائی تک اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حکام نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ اڈپی اور جنوبی کنیرا کے ڈپٹی کمشنروں نے بھی موسم کو دیکھتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
Share this post
