بھٹکل29؍اگست 2023 (فکروخبرنیوز) مکۃ المکرمہ میں تینتالیسواں عالمی مسابقہ حفظِ قرآن کریم 25 اگست سے شروع ہوچکا ہے۔ مسابقہ کے تعلق سے بھٹکل والوں کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ 117 ممالک کے 166 مساہمین میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ابراہیم ابن فہیم شاہ بندری نے شرکت کرتے ہوئے پورے ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔
سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں ہر سال حفظِ قرآن کریم کے عالمی مسابقہ کا انعقاد کا کیا جاتا ہے، یہ سلسلہ 1977 سے اب تک جاری ہے جس میں مختلف ممالک حصہ لیتے ہیں۔ اس مرتبہ اس مسابقہ میں 117 ممالک سے 166 مساہمین نے شرکت کی ہے جس میں بھٹکل کے ابراہیم ابن فہیم شاہ بندری بھی شامل ہیں۔
محمد ابراہیم کی ابتدائی تعلیم شارجہ میں ہوئی جس کے بعد گریڈ 8 سے 10ویں تک KNOWLEDGE SCHOOL بھٹکل میں مکمل کی اور یہیں پر حفظِ قرآن کریم کی تعلیم بھی حاصل کی۔ فی الحال وہ جامعہ سلفیہ بنارس میں فضیلت اول کے طالب علم ہیں۔
انہوں نے اس مربتہ ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسابقہ میں شرکت کی ہے ، مسابقہ کے انتظامات اور انصرام پر انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے خود کو اس مسابقہ میں بحیثیتِ مساہم شرکت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے اس مسابقہ کے لیے چار کروڑ ریال یعنی ہندوستانی کرنسی کے مطابق بیاسی کروڑ روپیے مختص کیے ہیں جن میں انعامات کے لیے آٹھ کروڑ اسی لاکھ روپئے مختص ہیں۔
Share this post
