بھٹکل میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش جاری، عام زندگی متأثر

بھٹکل: یکم ستمبر 2019(فکروخبر نیوز)  شہر میں گذشتہ تین دنوں سے جاری بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ کل بارش کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے رکا ہوا تھا لیکن رات بھر موسلادھار بارش ہوئی اور صبح کے اوقات میں بھی جاری رہی۔ صبح آٹھ بجے کے قریب شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے عام زندگی پر اس کا بڑا اثر پڑا اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہوگئے۔ صبح کے اوقات ہی میں شام کا سماں لگ رہا تھا اور جہاں تک نظر پہنچتی تھی بادل ہی بادل نظر آرہے تھے۔ اس بارش کی وجہ سے خستہ حال سڑکوں کی حالت اب مزید ابتر ہوگئی ہے اور وہاں سے گذرنا دشوار ہورہا ہے۔ شہر کے مدینہ کالونی مین روڈ، آزاد نگر کے اما م شافعی محلہ میں پانی نالیوں سے اوپر بہتا رہا۔ مدینہ کالونی سے تینگن گنڈی جانے والی سڑک پر معمول کے مطابق پانی سڑک پر جما رہا جس سے سواریوں کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹرافک نظام کے ساتھ ساتھ لوگوں کی آمدورفت بارش کی وجہ سے متأثر رہی۔ دوپہر کے اوقات میں ہلکی بارش ہوئی اور شام ہوتے ہوتے موسلادھار رخ اختیار کرلیا۔ مغرب کے قریب ایک مرتبہ پھر جم کر بارش ہوئی۔ حالات کو دیکھتے ہوئے آئندہ دونوں میں بھی بارش کے امکانات کا ظہار کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ امسال گذشتہ سالوں کے مقابلوں میں جم کر بارش ہوئی ہے، سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی گھس آیا اور کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ 

Share this post

Loading...