جامعہ اسلامیہ بھٹکل سمیت دیگر مدارس اور اسکولوں میں بھی منائی گئی یومِ جمہوریہ کی تقاریب
بھٹکل 26؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز) شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں سترواں یومِ جمہوریہ پورے جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔شہر میں مرکزی تقریب تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی میں منعقد کی گئی، پریڈ میں پولیس فورس اور مختلف اسکولوں کے طلباء نے حصہ لیتے ہوئے اپنی شرکت درج کی۔ پرچم کشائی کے بعد مختلف مہمانوں نے اپنے اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے دستور میں تمام طبقوں کے لوگوں کو آزادی دی گئی ہے جس کی روشنی میں ہندوستان کا ہر طبقہ ترقی کرسکتا ہے۔
جامعہ اسلامیہ بھٹکل سمیت ، مدرسہ رحمانیہ منکی ، مدرسہ تنویر الاسلام مرڈیشور اور مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں یومِ جمہوریہ کی تقاریب منعقد کی گئی اور دستور میں دئیے گئے حقوق کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے کوشاں رہنے کے عزم کااظہار کیا گیا۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں جناب عبدالحمید صاحب دامودی نے پرچم کشائی کی ، اس کے بعد مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے کہا کہ ہندوستان کا دستور بہت مضبوط ہے اور ہر طرح کی آزادی ہمیں دستور نے عطا کی ہے اور جو کچھ ہم رونا رورہے ہیں مظلومیت کا وہ سب ہماری کوتاہیوں کا نتیجہ ہے۔ انہو ں نے مزیدکہا کہ غیر مسلموں سے ہمارے تعلقات مضبوط کرتے ہوئے ملک کے لیے مسلمانوں کی جانب سے پیش کردہ قربانیوں سامنے لانے کی ضرورت ہے۔
علی پبلک اسکول بھٹکل میں پرچم کشائی جناب عبدالحمید صاحب دامودی کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ اس موقع پر طلباء نے جھنڈے کو سلامی دی اور مقررین نے اپنے اپنے تأثرات کا بھی اظہار کیا ۔ اسی طرح شہر کے دیگر اسکولوں میں بھی یومِ جمہوریہ کی تقاریب پورے جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔
Share this post
