بھٹکل 15 جولائی 2021 (فکروخبرنیوز) شہر میں کوورنا ویکسین کی کمی کو دیکھتے ہوئے خصوصی پر این آر آئیز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ویکسینیشن سینٹر میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں اور اس سلسلہ میں کچھ معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں لیکن ہر مرتبہ انہیں واپس لوٹنا پڑرہا ہے۔
مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے ویکسینیشن کے سلسلہ میں اس سے قبل کوششیں کی جاچکی ہیں اور دو ہزار سے زائد افراد ویکسین لے چکے ہیں جن میں بڑی تعداد این آر آئیز کی تھی ۔ چونکہ این آر آئیز کے پہلے ڈوز پر اٹھائیس دن گذرچکے ہیں اس لیے وہ دوسرا ڈوز لینے کے لیے ویکسینیشن سینٹر کا رخ کررہے ہیں لیکن ویکسین کی کمی کی وجہ سے ان کا مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے۔
آج تنظیم کے میڈیا کو آرڈینیٹر ڈاکٹر حنیف شباب نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی کمی کی وجہ سے کچھ روز تک ویکسین نہیں ملے گا ، اس لیے انہوں نے انتظار کرنے کے لیے لیے کہا ہے ۔ اس سلسلہ میں تنظیم کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ روز قبل تنظیم کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی ۔ شہر کے منجملہ مسائل میں این آر آئیز کے لیے دوسرے ڈوز کے انتظامات کے سلسلہ میں ان سے درخواست کی جس پرانہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ جلد از مسئلہ کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل ویکسین کی کمی کی وجہ سے اس طرح کے حالات ہیں اور امید ہے کہ حالات جلد قابو میں آئیں گے۔ ڈاکٹر حنیف شباب نے مزید بتایا کہ دوسرے ڈوز کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سے اجازت کے لیے انیکزر 4 فارم پر کرکے اجازت حاصل کرنی پڑتی تھی اور انیکزر 5 پاسپورٹ وغیرہ کی تفصیلات داخل کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ اب اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے اطلاع دی گئی ہے کہ اب صرف انیکزر 4 کی ضرورت ہوگی اور نام داخل کرنے اور درست کرنے کا مسئلہ اب آن لائن کیا جاسکتا ہے اس کے لیے الگ سے فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرکے این آر آئیز کے لیے ایک ہزار ڈوز کا انتظام کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور انتظامات ہونے پر عوام کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ فی الوقت وہ روزانہ ویکسینیشن سینٹر پہنچ کر معلومات حاصل کرتے رہیں۔
Share this post
