بھٹکل 21/ جون 2020(فکروخبر نیوز) سورج اور چاند گرہن اللہ تعالیٰ کی عظیم نشانیاں ہیں۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقع پر نماز ادا کرنے کی تعلیم دی ہے اور انسان کو اللہ کی طرف متوجہ ہونے پر زور دیا ہے۔ اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب میں اس کے تعلق سے طرح طرح کی باتیں بیان کی جاتی ہیں لیکن اسلام نے اپنی تعلیمات میں اسے اللہ کی نشانیاں قرار دیا اور اللہ کے حضور حاضر ہوکر دو رکعت نماز ادا کرنے کو سنت قرار دیا۔
بھٹکل میں بھی اس موقع کی مناسبت سے جمعہ مساجد میں سورج گرہن کی نماز ادا کی گئی۔ نماز کے بعد خطباء نے دو خطبے دیئے اور اس کے بعد مختصر اس کے متعلق اہم معلومات بھی دیں۔
جامع مسجد بھٹکل اور خلیفہ جامع مسجد بھٹکل میں پاؤنے گیارہ بجے سورج گرہن کی نماز ادا کی گئی، تنظیم جمعہ مساجد میں ساڑھے دس بجے، مخدومیہ جمعہ مسجد میں بارہ بجے، جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد میں گیارہ بجکر بیس منٹ اور جامع مسجد تینگن گنڈی میں گیارہ بجکر پچیس منٹ پر سورج گرہن کی نماز ادا کی گئی۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں سورج گرہن کا وقت صبح نو بجے سے دوپہر تین بجے تک تھا۔صبح نو بجے آسمان ابرآلود ہونے کی وجہ سے سورج گرہن نظر نہیں آیا لیکن وقت گذرنے کے ساتھ بادل چھٹ گئے اور اس کے بعد لوگوں نے سورج گرہن مختلف اشیاء کے ذریعہ دیکھا۔
Share this post
