بھٹکل 06 دسمبر 2021 (فکروخبرنیوز) بابری مسجد کے انہدام کی 29 ویں برسی کے موقع پر ایس ڈی پی آئی بھٹکل نے نور مسجد کے بالمقابل ایک احتجاج کا انعقاد کرتے ہوئے آج کے دن کو یومِ سیاہ قرار دیا۔ پارٹی کے ایک مقامی ذمہ دار جناب توفیق بیری نے کہا کہ آج ہم لوگ یہاں یومِ سیاہ منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ آج کی تاریخ (06 دسمبر) کو بابری مسجد کو ایک منظم سازش کے تحت منہدم کردیا گیا۔ آر ایس ایس نے ایک سازش کے تحت پہلے مسجد بند کروادی اور رام کی جنم بھومی قرار دیتے ہوئے ایک دن اس میں مورتیاں بھی رکھیں۔ یہ صرف اور صرف سیاست چمکانے کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رتھ یاترا کے ذریعہ ہزاروں مسلمانوں کا خون کیا گیا ۔ سپریم کورٹ کے جج نے بھی مانا کہ بابری مسجد میں مورتیاں رکھنا غلط تھا اور یہ بھی مانا کہ اس کی انہدامی کارروائی بھی غلط تھی، ہمارا آج سوال یہ ہے کہ جب یہ تمام کارروائیاں غلط تھیں تو اس کے کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں ہوئی؟ انہوں نے اس بات کے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم آئندہ بھی اس طرح اس تاریخ کو یومِ سیاہ مناتے رہیں گے۔
Share this post
