بھٹکل :12جون2020 (فکروخبرنیوز)بھٹکل میں لاک ڈاون میں نرمی کے اعلان کے بعد آج گیارہ ہفتوں بعد بھٹکل کی جمعہ مساجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی،ایک طویل وقفہ بعد نماز جمعہ کی ادائیگی کا موقع ملنے کی خوشی میں لوگوں نے وقت سے پہلے ہی مساجد کا رخ کیا ۔قاضی صاحبان کی ہدایات کے مطابق 12 بجےمساجد کھولی گئی ،لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ اذان سے قبل ہی مساجد میں جگہ باقی نہیں تھی ۔وہیں جمعہ کے اجتماعات کے دوبارہ آغاز پر کئئ افراد ایسے تھے جو اپنے جذبات پر قابو نہیں کر پائے اور خدا کے حضور گڑگڑا کر وبا کے خاتمہ کےلئے دعائیں کرنے لگے تاکہ پھر کبھی ایسا موقع نہ آئے کہ مساجد کے دروازہ بند کر دئے جائیں
کورونا کے وبائی مرض کے باعث ملک بھر میں حکومت کی طرف سے لاک ڈاون کے اعلان سے ملک بھر میں مساجد کے دروازے بھی مسلمانوں کے لئے بندہو گئے تھے ،جس سے مسلمانوں میں کافی غم کا ماحول تھا ،لیکن حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں نرمی کے اعلان کے بعد 8 جون سے مذہبی مقامات کو شرائط کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی جس کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد تمام شرائط کی پاسداری کرتے ہوئے مساجد پہونچ کر باجماعت نماز کی ادائیگی کا اہتمام کرنے لگی
وہیں کورونا کے خطرہ اور حکومتی ہدایات کی ہدایات کی پاسداری کرتے ہوئے جمعہ مساجد کو کھولنا اور سوشل ڈسٹنگ کو بنائے رکھنا مسجد انتظامیہ کے لئے بھی ایک چیلنج تھا لیکن انتظامیہ نے وقت سے پہلے تمام ضروری کارروائی کرتے ہوئے نظام کو بخوبی سنبھالا،اور بھٹکل کی جملہ جمعہ مساجد میں نمازاداہوئی
تنظیم اور قاضی صاحبان کی طرف سے پہلے ہی ہدایات جاری کی گئی تھی کہ جمعہ مساجد کے لئے آنےوالے مصلیان اپنے ساتھ جائے نماز لیتے آئیں اور چہرہ پر ماسک کو بھی لازمی بنائیں ،اور عمر رسید اور کم عمر بچے مساجد کا رخ کرنے کی زحمت نہ کریں تاہم ہدایات کے باوجود نماز جمعہ کی ادائیگی کے شوق میں چھوٹے بچے بھی مسجد کا رخ کرتے دکھائی دئے لیکن والنٹئرس نے انہیں سمجھا بجھا کر گھر واپس بھیج دیا ،وہیں احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بنانے کے لئے مساجد کے باہر والنٹیرس بھی کھڑے تھے جو لوگوں کی تھرمل اسکیننگ کے ساتھ ہی جائے نماز اور ماسک کی چیکنگ بھی کر رہے تھے ،
وہیں مساجد میں داخلہ کے بعد بھی مصلیوں نےدوری بناتے ہوئے جمعہ کی دوگانہ اداکی ،جبکہ امام نے بھی مختصر خطبہ دیا جبکہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نماز کے بعد خطیب نے خطبہ کا ترجمہ نہیں کیا ،نماز کے بعد وبا کے خاتمہ اور ہندوستان میں امن و امان کے لئے دعائیں بھی مانگی گئی
Share this post
