بھٹکل 14؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ کے فارغین کے متحدہ پلیٹ فارم ابنائے جامعہ کے زیر اہتمام اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام کل رات بعد نماز عشاء بلال شادی ہال میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام ابنائے جامعہ کا ایک جامع تعارف پیش کررہا تھا۔ یوں تو ابناء اپنی دینی اور دعوتی خدمات مختلف پلیٹ فارم سے انجام دے رہے ہیں ، ساتھ ہی بھٹکل میں اردو ادب کی ترویج میں بھی ابناء کا اہم رول رہا ہے۔ ایک شام ابنائے جامعہ کے شعراء سے موسوم کل کی شام اس کی واضح نشانی تھی کہ اب اردو ادب میں نثر کے ساتھ شعروشاعری میں بھی جامعہ کے فارغین کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
اسٹیج پر شعراء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جس کو دیکھ کر ہرایک کا دل باغ باغ ہورہا تھا ، نہ صرف فارغین بلکہ ہر دیکھنے والے کے لیے جامعہ کی خدمات کا عکس نظر آرہا تھا۔ لمبی شعراء کی فہرست نئے نئے فارغین اور طلبہ کے لیے ادب سے لگاؤ اور اس کے ذوق کو مہمیز کرنے کی دعوت دے رہی تھی۔ اس سے بڑھ کر ان اساتذہ کے خواب کی تعبیر بیان کررہی تھی جن کی فکروں اور اردو ادب سے ان کے تعلق کی وجہ سے جامعہ کے فارغین میں اب شعراء کی لمبی فہرست موجود ہے۔
رات سوا نو بجے کے قریب پروگرام کا آغاز ہوا، اس کے بعد شعراء نے یکے بعد دیگرے اپنے کلام سے نوازا۔ ہر شعر دعوتِ اسلامی کی ترجمانی کررہا تھا۔ غلط افکار اور نظریات سے بالکل ماوراء اشعار ادب اسلامی کی عکاسی کررہے تھے، اور حقیقت بھی یہی ہے کہ اسلام نے شعروشاعری سے منع نہیں کیا ہے بلکہ اس کو صحیح سمت پر ڈالا ہے اور افکار کو تعمیری رخ عطا کیا ہے، اسلام کی صحیح ترجمانی پیش کرنے والی شاعری نہ صرف محبوب ہے بلکہ اشعار کے ذریعے باطل نظریات کو فروغ دینے والوں کا جواب دینے کے لیے کسی تلوارکے وار سے کم نہیں ہے۔
کنوینر مشاعرہ مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے اسی بات کی طرف اشارہ کیا کہ اسلام نے ادب سے منع نہیں کیا بلکہ اس کے رخ کو صحیح کیا اور اس کو نئی جہتوں سے آشنا کیا اور جامعہ کے فارغین بھی اب الحمدللہ اردو ادب کے میدان میں آگے بڑھتے چلے جارہے ہیں۔
پروگرام کی نظامت مولانا سالک برماور ندوی اور مولانا عبداللہ دامداابو ندوی نے کی۔ کچھ شعراء نے اپنا کلام خود پیش کیا تو کئی شعراء کا کلام دوسروں نے پیش کیا۔
شعراء کی فہرست کچھ اس طرح تھی۔
مولانا سید ہاشم نظام ندوی
مولانا شاہین قمر ندوی
مولانا نیر قمر ندوی
مولانا غفران اکرمی ندوی
مولانا عبدالرافع رکن الدین ندوی
مولانا سید سالک برماور ندوی
مولانا شکیب شہ بندری ندوی
مولوی انیس بھٹکلی ندوی
مولانا سمعان خلیفہ ندوی
مولانا اظہر شکاری پوری ندوی
مولانا عبداللہ غازی ندوی
مولانا شاد جامعی ندوی
مولانا سعود مجاہد ندوی
مولوی جعفر صوان ندوی
مولوی عازم بھٹکلی ندوی
مولوی سفیان سیفی ندوی
مولوی شقران ندوی
مولوی رائف کولا
مولوی سالک قاسمجی
Share this post
