شام سے ہورہی ہے مسلسل بارش ، نشیبی علاقے میں الرٹ
بھٹکل 03؍جولائی2023 (فکرو خبرنیوز) بھٹکل میں آج شام سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جگہ جگہ پانی جمع ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یو جی ڈی کے ادھورے کام کے بعد اندرون شہر کی سڑکیں کیچڑ میں تبدیل ہوگئی ہیں جہاں سے پیدل چلنے کا سوال ہی نہیں سواریوں کو بھی گذرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔
آج ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے بھٹکل کے شمس الدین سرکل پر پانی ہی پانی ہے۔ یہاں سے گذرنے والی سواریوں کو دیکھ کر ندی سے موٹر بوٹ گذرنے کا احساس ہوتاہے۔ اہم شاہراہ کے ناقص کام کو عوام اس بدنظمی کیوجہ قرار دے کر شدید غصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ ہر سال بارش میں یہاں پانی جمع ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود اس کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بارش کا موسم شروع ہونے کے بعد کئی دنوں تک بھٹکل سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش کا نام و نشان نہیں تھا۔ یوں تو 7 جون کو یہاں مانسون کی آمد ہوتی ہے لیکن امسال جون کے آخری ہفتہ میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا لیکن بارش وقفہ وقفہ سے ہورہی تھی۔ آج نہ تھمنے والی بارش سے لوگ گھروں میں ہی قید ہوکر رہ گئے ہیں۔
بھٹکل کے سمش الدین سرکل میں جمع شدہ پانی کی نکاسی کا درست نظام نہ ہونے سے لوگ بے حد پریشان ہیں۔ ہائی وے کا کام مکمل نہ ہونے پر بھی عوام میں ناراضگی ہے۔آج ہوئی تیز بارش کے بعد سڑک پر گھٹنوں تک پانی بھر گیا ہے۔ جس سے لوگوں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ
گزشتہ سال ایسی ہی ایک تباہ کن بارش میں شہر کے نشیبیعلاقے میں لوگوں کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا اس لیے لوگ اب وہاں پوری طرح الرٹ ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ رات بھر اگر یونہی بارش ہوتی رہی تو صبح تک مزید شہری مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔ گزشتہ سال کے سیلاب زدگان بارش کی بنتی بگڑتی صورتحال پر نظر بنائے ہوئے ہیں ۔
Share this post
